جموں //گورنر ستیہ پال ملک اور مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کنونشن سنٹر میں ایک تقریب کے دوران پردھان منتری شرم یوگی مندھن یوجنا کو متعارف کیا ۔ اس موقعہ پر گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی ، ممبرانِ پارلیمنٹ جگل کشور شرما اور شمشیر سنگھ منہاس کے علاوہ جموں کے مئیر چندر موہن گپتا بھی موجود تھے ۔ یہ سکیم متعارف کرنے کیلئے مرکزی سرکار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اس سے غیر منظم سیکٹر کے کام گار مستفید ہوں گے ۔ گورنر نے اعلان کیا کہ ریاست میں مستحقین کے حق میں پہلی قسط ریاستی سرکار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار اس بات کا پورا خیال رکھے گی کہ اس سکیم کے فوائد مستحقین تک پہنچائے جا سکیں ۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اس سکیم سے ملک بھر میں دس کروڑ مزدور مستفید ہوں گے جن کی سماجی و اقتصادی حالت میں بدلاؤ آئے گا ۔ا نہوں نے کہا کہ اس سکیم سے کئی نوجوان بھی استفادہ کریں گے ۔ اس موقعہ پر گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے سکیم کے خدو خال بیان کرتے ہوئے کہا کہ غیر منظم سیکٹر کے مزدوروں کو 60 سال کی عمر کے بعد تین ہزار روپے ماہانہ پینشن ملے گا ۔ اس موقعہ پر موجود محنت و روز گار محکمے کے کمشنر سیکرٹری سوربھ بھگت نے سکیم کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔ گورنر نے سکیم کے کئی مستحقین میں پی ایم ایس وائی ایم کارڈ تقسیم کئے ۔