غیرمجاز اور جعلی میڈیا کے خلاف مزید کاروائیاں ہونگی: ڈی سی رام بن کہا ہاتھ میں سمارٹ فون اور مائیک لیکر گھومنے والا ہر شخص صحافی نہیں ہوسکتا

محمد تسکین
بانہال // ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے ضلع رام بن میں جعلی میڈیا کے خلاف مزید کاروائیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ضلع رام بن میں غیر رجسٹرڈ میڈیا کو چلنے نہیں دیںگے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن میں غیر ر جسٹر یا خود ہی بنائے گئے پورٹلوں کے خلاف رقوم وصولنے اور ملازمین کو ڈرانے دھمکانے کی شکایات ہیں اور یہ نام نہاد میڈیا غلط خبروں کی تشہیر کرتے ہیں اور امن و قانون کی صورتحال کے مسائل پیدا کرنے کیلئے ذمہ دار ہیں۔ ڈی سی رام بن، جو ضلع مجسٹریٹ بھی ہیں، نے حال ہی میں ضلع رام بن میں کام کرنے والے سات غیر مجاز نیوز پورٹلوں پر پابندی عائد کی ہے اور اب ان کے مالی معاملات کی تحقیقات کی جائے گی۔

 

ڈی سی رام بن مسرت الاسلام نے یومِ بلاک کی میٹنگ میں موجود افسروں اور دیگران پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کے نام پر دفتروں میں کسی معاملے پر بات کرنے کیلئے آنے والوں کے شناختی کارڈ اور ان کی میڈیا آرگنائزیشن کے بارے میں جانکاری لیا کریں۔ مسرت الاسلام نے کہا کہ ہاتھ میں سمارٹ فون اور مائیک لیکر گھومنے والا ہر شخص صحافی نہیں ہو سکتا ہے اور ایسے غیر رجسٹرڈ ، جعلی اور خودساختہ میڈیا والوں کا مقصد وصولیاں کرنا اور امن و قانون کیلئے مسائل پیدا کرنا ہوتا ہے اور انہیں ضلع رام بن میں کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا۔ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے بعد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع رام بن میں کئی جعلی میڈیا والے سرکاری دفاتر میں گْھس کر ملازمین کو ہراساں کر رہے ہیں اور وہ عام لوگوں اور ملازمین سے رقوم کا مطالبہ کرتے ہیں ۔

 

انہوں نے کہا کہ وہ ضلع میں کسی بھی غیر رجسٹرڈ میڈیا کو چلنے نہیں دینگے اور اس کیلئے عام لوگوں اور سرکاری ملازمین کو بھی اس نام نہاد میڈیا کے خلاف کھڑا ہو کر اپنا بھرپور تعاون پیش کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن میں ایسے لوگوں کو اپنی نیوز آرگنائزیشن کی رجسٹریشن ، اتھارٹی لیٹر اور شناختی کارڈ وغیرہ محکمہ ضلع انفارمیشن آفس رام بن میں جمع کرنے کیلئے کئی ماہ کی مہلت دی گئی تھی لیکن وہ ایسے ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی نیوز پورٹل موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں رائج انفارمیشن اینڈ براڈکاسٹنگ کے وضع قوانین 2021 کے مطابق اپنی رجسٹریشن وغیرہ جمع کرے گا تو ایسے پورٹل کو کام کرنے پر کوئی بندش نہیں ہوگی لیکن غیر رجسٹرڈ جعلی میڈیا والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

کشتواڑ میں بھی غیر مجاز نیوز پورٹلز کی شناخت کا حکم
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ اشوک کمار شرما نے جمعرات کو پولیس سے تمام غیر مجاز میڈیا پورٹلز کی شناخت کرنے کو کہا ہے جو ضلع کے اندر بغیر کسی اندراج اور اجازت نامے کے کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ ضلع ترقیاتی کمشنر اشوک کمار کی جانب سے ایس ایس پی کشتواڑ کو جاری کئے گئے حکمنامے کے مطابق سماجی رابطہ کی ویب سائٹوں پر چل رہے متعدد نیوز پورٹلز کے اندراج اورذرائع آمدن کی جانچ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اْنہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس حکم نامہ کو صحیح معنوں میں نافذ کریں۔ضلع انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ فرضی خبریں پھیلانے والے اور حکومت کی شبیہ کو خراب کرنے والے غیر قانونی نیوز پورٹلز پر پابندی کا مقصد ضلع کشتواڑ کے علاقائی دائرہ اختیار میں امن و امان کی بحالی کو یقینی بنانا ہے۔حکم نامہ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ متعدد مرتبہ یہ پورٹلز جعلی خبریں پھیلاتے ہیں اور سرکاری دفاتر میں جاکر سرکاری ملازمین کو تنگ کرتے ہیں اور انکی ویڈیو بناکر انھیں سوشل میڈیا پر اپلوڈکر دیتے ہیں۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ خدشہ ہے کہ ان جعلی نیوز پورٹلز پر روک نہ لگائی گئی تو یہ ضلع کے اندر ماحول کوخراب کرسکتے ہیں اور ان سبھی نیوز پورٹلز کی جانچ کی جانی چاہئے،دستاویزت کے علاوہ انکی فنڈنگ کے زریعہ کی مکمل جانچ کی جائے۔واضح رہے کہ اسی طرح کا حکمنامہ تین ماہ قبل ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن نے جاری کیاتھا جسکے بعد ابھی تک سات نیوز پورٹلز پر پابندی عائد کرد ی گئی ہے اور مزید کی جانچ جاری ہے