غلام نبی آزاد کا قصبہ ڈوڈہ کا دورہ دکانداروں، ریڑی فروشوں و ہوٹل مالکان کی مشکلات کا جائزہ لیا

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //سابق وزیر اعلیٰ و چیئرمین ڈیموکریٹک آزاد پارٹی غلام نبی آزاد نے ڈوڈہ قصبہ کا دورہ کرکے دکانداروں، ریڑی فروشوں و آٹو ڈرائیوروں سے ملاقات کرکے ان کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا۔سابق وزیر اعلیٰ نے بھرت روڈ، اولڈ بس اسٹینڈ، ہسپتال روڈ و دیسہ روڈ کے دورے کے دوران کئی عوامی وفود سے بھی ملاقات کی۔اس دوران تاجر برادری، ڈرائیور یونین و ہوٹل مالکان نے مہنگائی، جی ایس ٹی کے نفاذ، تیل کی قیمتوں میں اضافہ و دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔آزاد نے احتجاج پر بیٹھے صفائی کرمچاریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل کو سنا۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ان مطالبات کو ایل جی انتظامیہ کی نوٹس میں لایا جائے گا۔آزاد نے اس موقعہ پر بولتے ہوئے کہا کہ سماج کا ہر طبقہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں سے ناخوش ہے اور بڑھتی ہوئی بے رو، بے کاری و مہنگائی سے عام آدمی و چھوٹے چھوٹے تاجروں کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔سابق وزیر ڈی اے پی کے سینئر لیڈر غلام محمد سروڑی ،عبد المجید وانی، محمد اسلم گونی و نریش کمار گپتا بھی آزاد کے ساتھ تھے۔