عوام کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ملی ٹینٹ معاونین کے ساتھ سختی سے پیش آنے کی پولیس سربراہ کی ہدایت

نیوز ڈیسک

جموں//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ عوام کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اوررہے گی۔راجوری دورے کے دوران پولیس حکام کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہا کہ پاکستان اپنے حواریوں کے تعاون سے معصوم لوگوں کو نشانہ بنارہا ہے تاکہ جموں کشمیر میں آپسی بھائی چارے اور مذہبی رواداری کونقصان پہنچایا جائے۔انہوں نے سرحدوں کے علاوہ میدانی علاقوں میں بھی چوکسی برتنے کی ہدایت دی تاکہ پاکستان اور اس کی ایجنسیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایاجائے۔دلباغ سنگھ نے ڈانگری کیس میں ملوث عناصر کاکھوج لگانے پرزوردیا تاکہ متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بن جائے۔انہوں نے اس معاملے کو سنجیدگی کے ساتھ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے شواہد کے ہرایک ٹکڑے کوجمع کرنے کی تاکید کی۔پولیس سربراہ نے وی ڈی جیزکے زیادہ موثر طور استعمال کرنے پرزوردیااور کہا کہ تھانیداروں کوان کی تربیت اور ہتھیار چلانے کامعائنہ کرناچاہیے۔

 

انہوں نے ملیٹینٹوں اور ان کے معاونین کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اوررہے گی۔انہوں نے کہا کہ امن عامہ میں کسی خلل کو روکنے کیلئے ہمیں زیادہ محتاط اور چوکنا رہنا ہے۔پولیس سربراہ نے ملی ٹینٹ مخالف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی اور کہا چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کوکھوج نکالاجائے اور ان کے ماڈیولزکوتباہ کیاجائے۔پولیس سربراہ نے مزید بالائے زمین کارکنوں اور ان کے معاونین کی شناخت پرزوردیا جو کسی بھی قسم کی مددملی ٹینٹوں کو فراہم کرتے ہوںاورقوم دشمن کارروائیوں میں ملوث کسی بھی شخص کے ساتھ سختی سے پیش آنے کی ہدایت دی۔دلباغ سنگھ نے ناکہ چیکنگ کو مزیدسخت اورمضبوط بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرمیں پاکستان کی حمایت یافتہ ملی ٹینسی میں کمی ہونے کے بعداب پاکستان یہاں منشیات سپلائی کررہا ہے تاکہ جموں کشمیرکے نوجوانوں کو نشانہ بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کو کسی بھی طور برداشت نہیں کیاجائے گا۔انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ اپنے ماتحتوں کومنصفانہ رویہ اپنانے کی تاکید کریں اور کہا کہ کسی طرح کی بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی۔میٹنگ میں اورحکام کے علاوہ ڈائریکٹرجنرل سی آئی ڈی ،آرآرسوین،اورایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جموں مکیش سنگھ بھی موجودتھے۔