عمر سیدہ افراد کے حقوق اُجاگر کرنے کی ضرورت نوجوان بزرگوں سے غلط اندازمیں پیش آتے ہیں:ڈاکٹرراتھر

لیگل سروسزاتھارٹی گاندربل بزرگوں کو مفت قانونی خدمات فراہم کرے گی
پرویز احمد +ارشاداحمد

سرینگر +گاندربل// عمررسیدہ افراد کے عالمی دن کے موقعہ پرسرینگراورگاندربل میں تقاریب کااہتمام کیاگیا جن میں مقررین نے اس دن کی اہمیت پرروشنی ڈالی۔پرائمری ہیلتھ سینٹر چھانہ پورہ میں سنیچر کوعمر رسیدہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ تقریب میں زونل میڈیکل آفیسر بٹہ مالو ڈاکٹر سمینہ کے علاوہ دیگر افسران و معالجین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے کہا ، ’’ ہمارے والدین عمر بھر ہمیں پالتے ہیں لیکن آج کے نوجوان غلط انداز میں ان سے پیش آتے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے عمر رسیدہ افراد کو عزت دینے کیلئے ہر ضلع اسپتال میں عمر رسیدہ افراد کے علاج معالجے کیلئے طبی سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ تقریب کے دوران علاج و معالجہ کیلئے آئے عمر رسیدہ مریضوں نے کیک بھی کاٹا اور ناظم صحت کا بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا ۔ادھرڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی گاندربل کے اہتمام سے ہفتہ کو عمر رسیدہ افراد کا عالمی دن منایاگیا۔ کنگن میں منعقدہ اس تقریب کا عنوان’’بدلتی ہوئی دنیا میں معمر افراد کی لچک‘‘تھا۔تقریب منعقد کرنے کا مقصد والدین اور بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال اور بہبود ایکٹ 2007 اور بزرگوں کے لیے دستیاب دیگر ضروری خدمات کے بارے میں عوام میں شعور پیدا کرنا تھا۔ضلع لیگل سروس اتھارٹی سے وابستہ ایڈوکیٹ ہلال احمد گنائی نے مینٹیننس اینڈ ویلفیئر آف سینئر سٹیزنز ایکٹ 2007 اور بزرگ شہریوں کے لیے دستیاب قانونی خدمات پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن 1990 سے منایا جا رہا ہے ،جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پہلی اکتوبر کو معمر افراد کے عالمی دن کے طور پر منانے کااعلان کیا تاکہ عمر ڈھلنے کے ساتھ ساتھ ان کی خدمات کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے تمام بزرگ شہریوں کو ان کے تعاون، والدین، سرپرستوں، معاشرے کے لیڈروں کے طور پر مختلف صلاحیتوں سے معاشرے کی خدمت کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے قانون کے تحت بزرگ شہریوں کے لیے دستیاب اسکیموں اور قانونی دفعات پربھی مفصل روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ جن بزرگ شہریوں کو بچے جائیداداپنے نام کرکے بیدخل کرتے ہیں یا گھر سے باہر نکالتے ہیں ،وہ اس قانون کے تحت درخواست دے کر انصاف کامطالبہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ بچوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے والدین کی خدمت کریں اور عمرکے آخری حصے میں انہیں ہرقسم کی آسائش بہم رکھیں جوان سے ممکن ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ایکٹ سے متعلق تمام مقدمات کو ضلع لیگل سروس اتھارٹی کے ذریعہ مفت لیا جائے گا۔ انہوں نے تقریب میں شریک شرکاء کو یقین دلایا کہ لیگل سروس اتھارٹی بزرگوں کو انصاف فراہم کرنے کی پوری کوشش کرے گا۔ پروگرام میں محکمہ سماجی بہبود کے افسران، پی ایل ویز، بزرگ شہریوں اور عام لوگوں نے شرکت کی۔