عالمی یوم قبائل پرویبناراورتمدنی پروگرام قبائلی ثقافت،علم اورورثے کو تحفظ فراہم کرنالازمی:ڈاکٹر شاہد اقبال

سری نگر//آج یہاں عالمی یوم قبائلی منایا گیا۔ اِس برس کے عالمی یوم قبائلی کا عنوان’’ روایتی علم کے تحفظ اور ترسیل میں مقامی خواتین کا کردار‘‘ تھا۔اِس موقعہ پر قبائلی اَمور محکمہ اور ٹرائبل ریسرچ اِنسٹی چیوٹ ( ٹی آر آئی ) نے ایک ویب نار کا اِنعقاد کیا جس میں قبائلی ریسرچ فیلووں ، مضامین کے ماہرین اور طلباء نے شرکت کی۔دورانِ پروگرام قبائلی ثقافت کے تحفظ ، قدرتی مصنوعات کے اِستعمال کو ترقی دینے اور فروغ دینے میں مقامی خواتین کے کردار ، روایتی علم اور مقامی خواتین کے طریقوں کو اُجاگر کیا گیا ۔ بحث میں حصہ لینے والے قبائلی ریسرچ فیلوئوں میں شیتا پانڈے ، عبدالعادل پرے ، سیّد حامد محمود ، ڈاکٹر اینی جموال ، ابرار قادر میر اور طارق اَبرار شامل ہیں۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ قبائلی اَمور ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے ڈائریکٹر ٹرائبل ریسرچ اِنسٹی چیوٹ جموںوکشمیر کا چارج بھی سنبھالتے ہوئے بتایا کہ ہر برس 9 اگست کو قبائلی معاشرے کی بہتری اور ان کی ثقافت کے تحفظ کے لئے عالمی یوم قبائلی کے طور پر منایا جاتا ہے۔

 

اُنہوں نے مقامی برادریوں کو دستیاب مختلف حقوق کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا جیسا کہ ہندوستان کے آئین میں درج ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ٹرائبل ریسرچ اِنسٹی چیوٹ قبائلی ثقافتی ورثے کے تحفظ ، شواہد پر مبنی منصوبہ بندی اور مناسب قانون سازی ، استعداد کار میں اضافے ، معلومات کی ترسیل اور بیداری پیدا کرنے کے لئے علم کے ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مقامی خواتین آبائی علم کے تحفظ کے لئے اہم ہیں اور پائیدار طریقے سے فروغ دینے کے علاوہ روایتی قدرتی وسائل کی بھی حفاظت کرتی ہیں۔مزید بتایا گیا کہ آئی آئی ٹی جموں اور بی جی ایس بی یوراجوری میں قبائلی چیئر کے قیام کے لئے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے ہیںاور انہیں قبائلی ثقافت ، لوک گیتوں ، لوک کہانیوں ، لوک رقص ، رسومات ، روایات ،نمونے ، مقامی صحت کے طریقے وغیرہ کو دستاویزی شکل دینے کا کام سونپا گیا ہے ۔اِس پروگرام کے دوران محکمہ قبائلی امور کے مختلف ہوسٹلوں کے تقریباً200 طلباء نے سرگرمی سے حصہ لیا۔موضوع سے متعلقہ مباحثہ مقابلہ ، کوئز ، تقاریر ، ٹاک شوز اور دیگر ٹیلنٹ پر مبنی سرگرمیوں کا اِنعقاد کیا گیا۔ حصہ لینے والے طلباء کے لئے ان کی کارکردگی کی بنیاد پر اَنعامات کا اعلان بھی کیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی آر آئی عبدالخبیر، مختلف ہوسٹلوں کے وارڈنز اور محکمہ کے دیگر اَفسران نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔