راجوری +پونچھ //عالمی یوم تپ دق کے موقعہ پر راجوری اور پونچھ میں بھی تقاریب منعقد ہوئیں ۔اس سلسلے میں راجوری میں محکمہ صحت کی طرف سے ایک تقریب منعقد کی گئی ۔اس دوران ایک ریلی بھی نکالی گئی جو ضلع ہسپتال راجوری سے شروع ہوکر پرانے ہسپتال کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوئی ۔یہ ریلی کھیورہ سے ہوتے ہوئے گوجر منڈی سے گزر کر اختتام کو پہنچی ۔ریلی کے شرکاء میں نرسنگ کالج طلباء بھی شامل تھے جنہوںنے اس دن کی اہمیت پر بینر اٹھارکھے تھے ۔بعد میں پرانے ہسپتال کمپلیکس میں ایک پروگرام منعقد ہواجس میں ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری مہمان خصوصی تھے ۔اس موقعہ پر چیف میڈیکل افسر راجوری ، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ضلع ہسپتال راجوری ،اے ڈی ایم او ایوش راجوری و دیگران بھی موجود تھے ۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود بجاڑ نے کہاکہ پچھلے پانچ ماہ کے دوران ضلع میں کل 772تپ دق معاملات کی سکریننگ ہوئی جس میںسے 16مثبت پائے گئے۔اسی طرح کا ایک پروگرام پونچھ میں بھی اے این ٹی ایم سکول راجہ سکھدیو سنگھ ہسپتال میں منعقد ہوا۔اس موقعہ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بشارت حسین مہمان خصوصی تھے ۔پروگرام میں چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر ممتاز بھٹی ، بلاک میڈیکل افسر منڈی ، اسکول کے طلباء ، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ کارکنان بھی تھے ۔قبل ازیں ضلع ٹیوبر کلوسز افسر نے بتایاکہ اس بیماری سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں ۔اپنے خطاب میں اے ڈی سی نے کہاکہ یہ دن اس بات کا موقعہ فراہم کرتاہے کہ لوگوں کو تپ دق کے بارے میں جانکاری فراہم کی جاسکے ۔ سی ایم او ڈاکٹر ممتاز بھٹی نے کہاکہ یہ دن عوامی بیداری کیلئے منعقد ہوتاہے ۔ انہوںنے اس بیماری سے متعلق تفصیلات سے جانکاری فراہم کی ۔ انہوںنے اس بات کی ضرورت پر زور دیاکہ اس سلسلے میں مزید بیداری پھیلائی جائے ۔