عارضی صفائی ملازمین کی ہڑتال مسلسل جاری | کشتواڑقصبہ کے گلی کوچوں میں ہرسو گندگی کے ڈھیرجمع

عاصف بٹ
کشتواڑ// میونسپل کمیٹی کشتواڑکے عارضی ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال مسلسل جاری رہی جسکے سبب قصبہ بھر میں گندگی کے ڈھیر جمع ہیں۔ گزشتہ پندرہ روز سے میونسپلٹی کے عارضی ملازمین دفترمیں اپنی مانگوں کو لیکر احتجاج کررہے ہیں۔ اگرچہ مستقل ملازمین نے قصبہ کے مخصوص مقامات پر صفائی کاروائی عمل میں لائی تاہم بیشتر گلی کوچوں میں گندگی کے ڈھیر جمع ہیں۔احتجاجی ملازمین نے بتایا کہ جب تک انتظامیہ انکے مطالبات کو حل نہیں کریگی تب تک احتجاج جاری رہے گا۔ملازمین نے بتایا کہ محکمہ میں گزشتہ چار دہائیوںسے ملازمین عارضی طور کام کررہے ہیں جبکہ مطالبات کو پورا کرنے کے بجائے انہیں اپنے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم اپنی زندگیوں کی پرواہ کئے بغیر مسلسل دن رات محنت کرکے کام انجام دے رہیں لیکن انتظامیہ کو اسکی کوئی پرواہ نہیں اور وہ ہمیں مستقل نہیں کررہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی برسوںسے انکے مطالبات پورانہیں کئے جارہے ہیں اور انہیںمسلسل احتجاج کرنے پر مجبور کیاجارہاہے جسکے سبب وہ مجبور ہوکر احتجاج کررہے ہیں۔ انھوں نے اعلیٰ حکام سے جلد مطالبات پورا کرنے کا مطالبہ کیا ۔اس دوران ملازمین کی ہڑتال کے سبب قصبہ میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ہوئے ہیں جن سے اب بدبو پھیل رہی ہے۔ اگرچہ مستقل ملازمین نے چند مقامات پر صفائی عمل میں لائی تاہم بیشتر مقامات پر گندگی کے ڈھیر جمع ہیں جس کو دیکھتے ہوئے قصبہ کے گلی کوچوں کے اندر سے گزرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے جلد کوئی قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا اور قصبہ میں جمع گندگی جلد صاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔