تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے دور دراز علاقہ کے عوام نے درہ میں ہائی اسکول کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ منڈی کے بالائی علاقے میں واقع درہ کی آبادی کم و پیش دو ہزار نفوس پر مشتمل ہے ۔ اس علاقے میں پچاس سال قبل اس وقت کی سرکار نے ایک پرائمری اسکول قائم کیا جسکو آبادی کے تناسب سے مڈل اسکول بنا دیا گیا جو عرصہ پچیس سال سے مڈل اسکول کے درجے پر اٹکاہواہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق درہ کے بد نصیب بچوں کو 8 کلو میٹر پیدل سفرطے کرکے تعلیم حاصل کرنے کے لئے تھنہ منڈی کے مرکزی سرکاری و نجی اسکولوں میں جا نا پڑتا ہے اور یہ راستہ کافی دشوار ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تعلیم ایک روشنی ہے جسکو عام کرنے کے لئے سرکار ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے لیکن ان کی بدنصیبی یہ ہے کہ آج تک یہاں کے سکول کادرجہ ہی نہیں بڑھایاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ وہ وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم سے اپیل کرتے ہیں کہ درہ سکول کا درجہ بڑھاکر اسے ہائی سکول کیاجائے جس سے درہ، برہون اور ڈھوک کے طلباء تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوسکیںگے ۔انہوںنے بتایاکہ مقامی مڈل سکول میں اس وقت تین سو سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں ۔