جموں//ضلع ڈوڈہ کے لئے ضلع ترقیاتی بورڈ نے ایک میٹنگ کے دوران 168.30کروڑ روپے سالانہ منصوبہ منظور کیا۔ میٹنگ کی صدارت سماجی بہبود ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور اے آر آئی ٹریننگ سجاد غنی لون نے انجام دی۔وزیر نے اہم پروجیکٹوں میں حائل رُکاوٹوں کو دور کرنے کے سلسلے میں سروس سیکٹر کو استحکام بخشنے پر زور دیا۔بورڈ میٹنگ میں تعلیم کے وزیر مملکت شکتی راج پریہار ، وائس چیئرمین جے اینڈ کے سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ آف کسان دلجیت سنگھ، وائس چیئرپرسن فار جے اینڈ کے ایڈوائزری بورڈ فار پہاڑی سپیکنگ پیپل کلدیپ راج گپتا، وائس چیئرپرسن فار جے اینڈ کے سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ ڈیولپمنٹ آف ایس سی بھوشن لال ڈوگرہ ، وائس چیئرمین جے اینڈ کے سٹیٹ ایڈ وائزری بورڈ فار ویلفیئر آر او بی سیز رشپا ل ورما، ارکان قانون سازیہ جی ایم سروڑی دلیپ نیلم کما ر لنگے، نریش کمار گپتا ، شیام لال بھگت اور مختلف محکموں کے سربراہان و ضلع ڈوڈہ کی انتظامی ٹیم جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر کر رہے تھے موجود تھے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سجا د لون نے اہم سیکٹروں کی طرف خصوصی توجہ دینے اور مجوزہ پروجیکٹوں کو جلد شروع کرنے کے سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے کہا کہ وہ پروجیکٹوں کے بارے میں ایک تفصیلی رپورٹ پیش کریں جن پروجیکٹوں میں کسی بھی طرح کی رُکاوٹ موجود ہوں ۔ضلع کے طبی اداروں میں میڈیکل سٹاف کی کمی کے معاملے پر سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے وزیر نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اس مسئلے نمٹنے کے لئے اعلیٰ حکام کے ساتھ رابطہ قائم کریں۔اس سے قبل پچھلے سال کی حصولیابیوں کی تفاصیل پیش کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں 96فیصد رقومات خرچ کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ منظور شدہ بجٹ جو 14611.0652لاکھ روپے دستیاب تھا میں سے 13985.174لاکھ روپے خرچ کئے گئے ۔