صحت وطبی تعلیم کے سیکریٹری کادورۂ کپوارہ میڈیکل کالج ہندوارہ کے تعمیری کام میں سرعت لانے کاحکم

کپواڑہ //سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے ضلع کپواڑہ کا دورہ کر کے طبی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا جائیزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر کپواڑہ ڈوئیفوڈ ساگر دتاترے کے علاوہ ڈائریکٹر کوارڈینیشن ڈاکٹر یش پال ، ، اے ڈی سی ہندوارہ ، چئیر مین ایم سی ہندواڑہ ، سی ایم او کپواڑہ اور دیگر متعلقہ افسران ان کے ہمراہ تھے ۔ دورے کے دوران سیکرٹری اور ڈپٹی کمشنر کپواڑہ نے ہندواڑہ میں 84 کروڑ روپے کی لاگت سے 200 بستروں پر مشتمل ہسپتال پر جاری تعمیراتی کام کا معائینہ کیا ۔ سیکرٹری اور ڈی سی کپواڑہ نے ہسپتال کے داخلی مقامات ، آپریشن تھیٹرز ، ایم آر آئی روم ، لیبز ، یو ایس جی ، ای سی جی ، لیبر روم اور دیگر وارڈوں کا معائینہ کیا اور ہسپتال عمارت کی ڈرائینگ بھی چیک کی ۔ انہیں بتایا گیا کہ ہسپتال کی تعمیر پر اب تک 46 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال ہندواڑہ کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف وارڈز ، میڈیکل اسٹور، رجسٹریشن سیکشن ، مینٹل تھراپی سیکشن اور دیگر سہولیات کا معائینہ کیا ۔ سیکرٹری موصوف نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ عمارت کی تکمیل کو تیز کریں اور کم سے کم وقت میں تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ سیکرٹری اور ڈی سی کپواڑہ نے چوگل ہندوارہ میں میڈیکل کالج کی جگہ کا دورہ کیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ 251 کنال اراضی کی پہلے ہی حد بندی کی جا چکی ہے ۔ انہوں نے پورے علاقے کا دورہ کیا اور میڈیکل کالج کے سائٹ پلان کا معائینہ کیا ۔ سیکرٹری نے مرکز میں سبز پیچ کے ساتھ 4 لین والی سڑک کی تعمیر کی ہدایت دی ۔ انہیں بتایا گیا کہ میڈیکل کالج کی منظور شدہ لاگت 255 کروڑ روپے ہے ۔ بعد ازاں سیکرٹری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد ضلع میں صحت کی سہولیات کا جائیزہ لینا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں طبی سہولیات میں بہتری آ رہی ہے اور ڈسٹرکٹ ہسپتال تکمیل کے قریب ہے جس میں اضافی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس بھی دستیاب ہوں گے ۔ میڈیکل کالج کے حوالے سے سیکرٹری نے کہا کہ کالج اگلے سال سے کام شروع کر دے گا جس سے ضلع کے مجموعی صحت کے منظر نامے کو فروغ ملے گا ۔ سیکرٹری نے کہا کہ ہسپتال میں 24X7 صحت کی سہولیات دستیاب ہیں ۔ سیکرٹری اور ڈپٹی کمشنر نے میڈیکل کالج ہندواڑہ کی رہائش کے عارضی انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے بائیو ٹیک پارک ہندواڑہ ، ڈگری کالج ہندواڑہ اور کرگمہ سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا ۔