شدید بارش کے بعد سردی میں شدت منڈی بازار کی ابتر حالت سے لوگ پریشان

عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے وہیں منڈی قصبہ میں پڑے کھڈوں میں جمع پانی کی کی وجہ سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ تاجر طبقہ پریشانی میں مبتلا ہو گیا ہے ۔جمعہ کو ضلع پونچھ میں جہاں موسم ابر آلود تھا وہیں پر بعد دوپہر ضلع کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ تحصیل منڈی میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے سردی میں بھی کافی شدت پائی گئی اور عام لوگوں نے ایک مرتبہ پھر گرم ملبوسات زیب تن کئے ۔اس دوران منڈی بازار میں پڑے کھڈوں کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ منڈی کے تاجر طبقہ اور عام لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ منڈی بازار کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے جلد از جلد بازار میں تارکول بچھایا جائے ۔تاجروں کا کہنا تھا کہ بازار میں پڑے ہوئے بڑے بڑے کھڈوں کی وجہ سے صاف موسم میں گرد و غبار اٹھتا ہے جس کی وجہ سے ان کی دکانوں رکھا ہوا سامان خراب ہوتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بارش کی وجہ سے بازار میں کیچڑ جمع ہوتا ہے جس پر چلنا بھی کافی مشکل ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے اگر چہ منڈی بازار میں تارکول بچھایا تھا مگر وہ بچھاتے ہی اکھڑ گیا جس کی وجہ سے منڈی بازار کی حالت خراب ہو گئی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ بازار کی حالت کو جلد بہتر بنایا جائے۔