شاہ نواز
ریاسی//ضلع ریاسی میں جاری شدید بارشوں نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ درجنوں علاقوں میں سڑک رابطے منقطع ہو چکے ہیں، بجلی کا ترسیلی نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور کسانوں کی فصلوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔ذرائع کے مطابق، مہور۔چسانہ۔راجوری۔کریف سڑک سمیت درجنوں اہم رابطہ سڑکیں شدید بارش اور مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے بند ہو چکی ہیں، جس سے عام لوگوں، مریضوں اور طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ جات سڑکوں کی بحالی کے لئے مشینری کے ساتھ موقع پر سرگرم عمل ہیں، تاہم مسلسل بارش کام میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ضلع کے سب ڈویژن درماڑی اور مہور میں بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، خاص طور پر گلاب گڑھ علاقے میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر منقطع ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے لوگ اندھیرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ادھر شجرو علاقے میں شدید بارش کے دوران ایک ایکو گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں سوار چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔شدید بارشوں سے زرعی شعبہ بھی متاثر ہوا ہے۔ کئی علاقوں میں کھڑی فصلیں پانی میں بہہ گئیں یا زمین کھسکنے کی وجہ سے تباہ ہو گئیں، جس سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بحالی کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کئے جائیں، اور جن کسانوں اور گھریلو صارفین کو نقصان پہنچا ہے انہیں مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔