شبانہ ٹھنڈ کا قہر برقرار وادی میںسرد ترین رات ریکارڈ، سرینگر میں درجہ حرارت3.4

  آئندہ 24گھنٹوں میں پارہ مزید گرنے کا امکان

پرویز احمد

سرینگر //د ن میں کمزور دھوپ اور رات کے دوران مطلع صاف رہنے کے نتیجے میں وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے اور درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری تک گرا، جو سرینگر میں موسم کی سرد ترین رات رہی۔ اس دوران دراس میں درجہ حرارت منفی12ڈگری عبور کر گیا ۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران موسم میں کوئی تبدیلی نہ آنے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے آئندہ تین دنوں تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ 9 اور 10دسمبر کو ہلکی برفباری کا امکان ہے ۔

 

محکمہ موسمیات نے کہاکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سیلسیس کیساتھ، سرینگر میں اس موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ”خشک موسم اور دھندلی صبح اور شام کی وجہ سے، جموں و کشمیر اور لداخ میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی کی توقع کر رہے ہیں”۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں منفی 3.4، پہلگام اور گلمرگ میں بالترتیب منفی 4.4 اور منفی 3.2 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔لداخ کے دراس شہر میں منفی 11.9 جبکہ کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 رہا۔جموں میں 8.1، کٹرہ میں 8.2، بٹوٹ 3.3، بانہال میں منفی 0.6 اور بھدرواہ میں 1.5 درجہ حرارت کم سے کم رہا۔