شبانہ بارشوں کے سبب ضلع کے ندی۔نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال  پانی کی سطح میں اضافہ ، کشتواڑ سنتھن شاہراہ پسی گرآنے کے سبب آمدرفت کیلئے بند

 عاصف بٹ

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقہ جات میں پیرو منگل کی درمیانی شب کو موسلادھار بارشوں کے سبب ندی نالوں میں پانی کی سطح میں بلندی ہوئی جسکے سبب متعدد علاقہ جات میں طغیانی جیسی صورتحال پیداہوئی۔ تفصیلات کے مطابق دورافتادہ علاقہ مڑواہ کے نواپچی کلہر میں دیررات سیلابی ریلے نے فصل ومیوہ جات کو بھاری پیمانے پر نقصان پہنچایا۔دیررات مٹی کے ملبے نے کھڑی فصل کو مکمل طور تباہ کردیا ۔اگرچہ فوری طوری کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہ ملی تاہم انتظامیہ نے نقصان کا جائزہ لینے کیلئے ٹیم تشکیل دی ہے۔ سب ڈویژن چھاترو کے دورافتادہ علاقہ جات کے نالوں میں بھی بھاری بارشوں کے سبب بڑی مقدار میں پانی بہنا شروع ہوگیا جسکے سبب نیچے رہ رہے لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ پولیس نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام ازخود و اپنے مال مویشیوں کو ندی نالوں کے قریب لیکر نہ جائیں تاکہ جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایاجاسکے۔ اس دوران کشتواڑ سنتھن شاہراہ پر متعدد مقامات پر پسیاں گرآنے کے سبب شاہراہ کو آمدرفت کیلئے بند کردیاگیا۔پولیس نے بتایا کہ وٹسر سے آلوفارم تک قومی شاہراہ پر متعدد مقامات پر پسیاں گرآئی تھیں جنھیں ہٹانے کا کام جاری ہے تاہم شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کوچلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پسیاں ہٹانے کے بعد درماندہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔