بانہال// بارشوں کی وجہ سے گر آئی پسیوں کے نتیجے میںجمعرات کی شام 6 بجے بند پڑی جموں سرینگر شاہراہ پر درماندہ ٹریفک کو جمعہ کی دوپہر بعد دوبارہ بحال کیاگیا اور ماروگ او رپنتھیال کی پسیوں کے دونوں طرف اور درمیان میں جمعہ کی شام سے درماندہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔ اس دوران جموں اور وادی کشمیر سے کسی بھی قسم کی گاڑی کو شاہراہ پرچلنے کی اجازت نہیں تھی ۔ شدید بارشوں کے بعد جمعرات کی شام سے پنتھیال اورو ماروگ کے درمیان کئی مقامات پر گِرتے پتھروں کی وجہ سے شاہراہ کے اچانک بند ہونے سے وادی کشمیر سے آنے والا بھاری ٹریفک درماندہ ہوا تھا جس میں بیشتر تعداد مال بردار ٹرکوں کی تھی ۔ڈی ایس پی ٹریفک رام بن سریش شرما نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بیٹری چشمہ، ماروگ ، خونی نالہ اور پنتھیال کے درمیان گرِتے پتھروں او رپسیوں کی وجہ سے شاہراہ بند کردی گئی۔ شاہراہ کو جمعہ کی دوپہر ایک بجے قابل آمد بنایا گیاا ور گزشتہ شام سے رام بن ، چندرکوٹ ،ناشری ٹنل کے پاردرماندہ ٹریفک کو بحال کیاگیا۔ اور جمعہ کی شام تک تقریباً تمام مسافر ٹریفک جواہر ٹنل پار کر چکا تھا۔جبکہ مال بردار گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد جمعہ کی شام تک چل رہی تھی۔ انہوں نے کہا سنیچر کوشاہراہ کی حالت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔تاہم پچھلے تین روز سے جموںسے وادی کشمیر کی طرف چلائے جارہے ٹریفک کے پیش نظر ہفتے کے روز کشمیر سے جموں کی طرف ٹریفک کو چھوڑنے کاامکان ہے۔