بانہال//سرینگر جموں شاہراہ پرسنیچر کو یک طرفہ ٹریفک بحال رہا اس دوران پہلے جموں سے سرینگر کی طرف جانے والی درماندہ گاڑیوں کو پہلے چھوڑ دیا گیا جس کے بعد سرینگر سے جموں کی طرف گاڑیوں روانہ ہوئیں۔ سات دن شاہراہ بند ہونے کے بعدپچھلے تین دن سے گاڑیاں لگاتار سرینگر کی طرف آرہی تھیں، اور سنیچر کو سرینگر سے جموںکی طرف گاڑیوں کو چھوڑا گیا۔دن کے تین بجے تک جموں سے سرینگر کی طرف آنے والی ان گاڑیوں کو چھوڑا گیا جو جمعہ کو درماندہ ہوئیں تھیں اور اسکے بعد دوپہر تین بجے کے بعد وادی میں چار روز سے درماندہ چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی گئی۔ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ کی کم سے کم چھ مقامات پر مکمل طور پر خستہ صورتحال ہوگئی ہے اس لئے یہاں آہستہ آہستہ گاڑیوں کو چھوڑنا پڑ رہا ہے اس لئے ٹریفک جام ہورہا ہے۔ سنیچر کو بھی قریب 6گھنٹے تک ٹریفک جام رہا۔حکام کا کہنا ہے کہ سنیچر کو درماندہ قریب 2 ہزار ٹرک سرینگر کیلئے روانہ ہوئے جبکہ سرینگر سے جموںکی طرف تقریباً 2000ٹرک اور 300چھوٹی گاڑیاں چھوڑی گئیں، جس کے بعد مزید ٹرک جموں کی طرف روانہ کئے گئے۔