محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ڈھلواس کی دھنستی جارہی پسی ٹریفک کی روانی میں مسلسل دشواریاں پیدا کر رہی ہے اور اس پسی کے پار ٹریفک جام اور کیچڑ میں گاڑیوں کا پھنسنا معمول بنا ہوا ہے۔ منگل کی علی الصبح سے ہی ڈھلواس کی پسی میں گر آئے ملبہ کو صاف کرنے کیلئے ٹریفک کی نقل و حرکت کو روک دیا گیا تھا اور یہ سلسلہ دوپہر تک کئی بار جاری رہا۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ پہلے سے ہی یکطرفہ ٹریفک کے قابل ڈھلواس کی پسی میں گر آنے والے ملبہ اور کیچڑ کی وجہ سے سڑک تنگ ہوتی جا رہی ہے اور یہاں ٹریفک میں وقفہ لیکر اس کی مرمت کرنا ضروری بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگل کے روز بھی ڈھلواس کے مقام سڑک کا مرمتی کام انجام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دوپہر بعد سے معمول کا ٹریفک رواں ہے اور ٹریفک سست رفتار کے ساتھ منزلوں کی طرف بڑھ رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ منگل کے روز شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کو ٹریفک پولیس کی طرف سے مقررہ اوقات کے اندر اندر دونوں طرف سے چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال گاڑیوں ، ٹرکوں اور ٹینکروں کو بعد دوپہر قاضی گنڈ سے جموں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ہے۔