بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر واقع مکرکوٹ کے مقام پرگاڑیوں کے چلنے کی وجہ سے تباہ حال سڑک سے اٹھنے والے گرد و غبار نے مقامی لوگوں اور دکانداروں کی ناک میں دم کر دیا ہے اور عوام کی طرف سے متعدد بار کی عرضداشت کے باوجود تعمیراتی کمپنی اور انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔ پچھلے دو مہینے سے شاہراہ پر رام بن اور مکرکوٹ کے درمیان بیشتر حصے پر میکڈم ڈال دیا گیا اور سڑک کی حالت بہتر ہونے سے مسافروں اور گاڑی والوں نے راحت کی سانس لی ہے لیکن مگرکوٹ ، سلاڑھ ، شیر بی بی اور چملواس بانہال کے علاقوں میں سڑک کی کئی مقامات پر حالت ابتر ہے اور یہاں ٹریفک جام کے ساتھ ساتھ سڑک سے اٹھنے والا گرد و غبار ہزاروں مسافروں اور مقامی لوگوں کیلئے وبال جان بن چکا ہے۔
شاہ پر واقع مکرکوٹ کے مقام پر سڑک سے اس قدر گرد و غبار اٹھ رہا ہے کہ سامنے پہنچی گاڑی بھی دکھائی نہیں دیتی ہے۔ مقامی شہری محمد عمر نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ مکرکوٹ کے مقام پْل کے آرپار چھوٹی سی مارکیٹ اور اْکڑال پوگل پرستان اور رامسو کے ہزاروں لوگوں اور دکانداروں کو دن بھر شاہراہ سے اٹھتی دھول مٹی کھانا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ تحصیل انتظامیہ رامسو کی ناک کے نیچے ہورہا ہے اور تعمیراتی کمپنی سڑک کو صاف رکھنے کے بجائے من مرضی سے کام کر رہی ہے۔ مقامی دکانداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انتظامیہ اور فورلین شاہراہ کی کمپنی کی عدم توجہی اور لاپرواہی کی وجہ سے دکانداروں کا لاکھوں روپئے کا سامان گرد و غبار کی وجہ سے تباہ ہو رہا ہے اور سانس لینا مشکل ہوجاتا ہے۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ رامسو دل میر چودھری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رامسو اور مکرکوٹ کے مقامات پر سڑک پر جلد ہی میکڈم یا تارکول بچھایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ ایجنسی کو پہلے ہی مطلع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکرکوٹ اور رامسو کا کچھ علاقہ میکڈم ڈالنے سے رہ گیا ہے اور اب آئندہ چند روز میں یہاں میکڈم ڈالا جارہا ہے ،لہذا لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میکڈم ڈالنے والی ایجنسی ابھی تک ڈگڈول میں کام کر رہی تھی اور اب جلد ہی مکرکوٹ اور رامسو میں سڑک کی بلیک ٹاپنگ کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔