سیڑھی چوہانہ میں پینے کے صاف پانی کی قلت | محکمہ کی لاپرواہی سے تنگ آکر خواتین نے احتجاج کیا

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گاؤں سیڑھی چوہانہ بلاک لسانہ کے لوگ پانی کے بحران کا شکار ہیںتاہم متعلقہ محکمہ کی مبینہ لاپرواہی سے تنگ آکر مقامی لوگوں بالخصوص خواتین نے شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے عوام کو پانی کی سپلائی فراہم کرنے کیلئے سکیمیں شروع کی جارہی ہیں لیکن متعلقہ محکمہ کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے متعدد دیہات میں پانی کی سپلائی اس جدید دور میں بھی ممکن نہیں ہو سکی ۔پانی کی قلت سے تنگ آکر خواتین نے ہاتھوں میں خالی برتن لے کر ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاجہاں پر انہوں نے محکمہ جل شکتی کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ وہ میلوں دور سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں لیکن متعلقہ آفیسران و ملازمین عوامی مشکلات کو کم کرنے میں انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ڈیجیٹل انڈیا اور کئی دیگر اسکیموں کا دعویٰ کررہے ہیں لیکن زمینی سطح پر صورت حال یہ ہے کہ لوگوں کو پانی جیسی بنیادی ضروریات کے مسائل کا سامنا ہے۔ خواتین نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع انتظامیہ کو ہدایت جاری کریں تاکہ مذکورہ دیہات میں پینے کا صاف پانی ترجیح بنیادوں پر سپلائی کیا جاسکے ۔