سیری علاقہ کی 9پنچایتوں میں بجلی کی بحرانی صورتحال | سپلائی کو معیاری بنانے کیلئے گریڈ سٹیشن کی منظوری کا مطالبہ

رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سیری بلاک میں بجلی کا سپلائی نظام انتہائی غیر معیاری ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔صارفین نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ علاقہ کی بجلی کی سپلائی کو معیاری بنانے اور صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کے صرف کاغذی دعوئے کئے جاتے ہیں لیکن زمینی سطح پر کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بلاک کی 9پنچایتوں میں محکمہ کی جانب سے بجلی کی بہترین سہولیت فراہم ہی نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے عام صارفین کیساتھ ساتھ بچوں کی تعلیم بھی متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ موسم کے خراب ہوتے ہی بجلی کئی گھنٹوں تک غائب رہتی ہے تاہم اس کے باوجود بھی متعلقہ حکام کی جانب سے بجلی کے بھاری بل لوگوں کے گھروں میں ارسال کر دئیے جاتے ہیں ۔صارفین نے بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی نوشہرہ گرڈ اسٹیشن اور کنگری گرڈ اسٹیشن سے دی جاتی ہے، جو کہ بہت دور ہیںتاہم خراب موسم کے دوران بجلی سپلائی میں آنے والے خلل کو دور کرنے کیلئے کئی دن لگ جاتے ہیں ۔انہوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 5دہائیوں سے سیری بلاک میں گریڈ سٹیشن بنانے کا مطالبہ کیاجارہا ہے لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ بلاک میں گریڈ سٹیشن تعمیر کر کے 9پنچایتوں میں سپلائی نظام کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔