بانہال // پیر کے روز رام بن میں ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ کے بعد ضلع ترقیاتی بورڈ رام بن کے چیئرمین اور قانون اور باغبانی کے کابینہ وزیر سید بشارت بخاری نے ضلع رام بن میں جاری فورلین اور ریلوے پروجیکٹوں کے حکام کی ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ سید بشارت بخآری نے ضلع رام بن میں زیر تعمیر فورلین اور ریلوے پروجیکٹوں کے کام اور عوامی مشکلات سے متعلق تازہ ترین جانکاری حاصل کی اور عوام کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کیلئے احکامات صادر کئے۔ اس میٹنگ میں نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا ، شمالی ریلوے ، ارکان انٹرنیشنل لمیٹیڈ ، فورلین شاہراہ اور ریلوے کو تعمیر کرنے والی کمپنیوں کے اعلی افسران کلکٹر اور ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حسین گنائی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ممبر اسمبلی گول ایجاز احمد خان ، ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول ، ممبر اسمبلی رام بن نیلم کمار لنگہے ، ایم ایل سی شام لعل بھگت اور گوجر بکروال ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین گلزار احمد کھٹانہ بھی موجود تھے اور انہوں نے ضلع رام بن کے بانہال ، رام بن اور گول میں فورلین اور ریلوے پروجیکٹوں کی وجہ سے عوام کو درپیش کئی مسائل اٹھائے۔ سالوں سے عوام کو مشکلات میں ڈال کر من مرضی اور قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر اِن پروجیکٹوں کو تعمیر کرنے والی کمپنیوں کی ماضی کی طرح کی جانے والی بہانے بازیاں شاید اس بار نہیں چل پائیں گی کیونکہ قانون اور باغبانی کے کابینہ وزیر اور ضلع ترقیاتی بورڈ رام بن کے چیئر مین سید بشارت بخاری نے کام کرنے والی متعلقہ کمپنیوں کے وہاں موجود عہدیداروں کو دو ٹوک الفاظ میں فورلین اور ریلوے سے متعلقہ لمبے عرصے سے التواء میں پڑے تمام معاملات کو مختصر وقت کے اندر اندر حل کرنے کے احکامات جاری کئے اور کہا کہ وہ خود سست روی کا شکار ہوئے معاملات اور ریلوے اور فورلین پروجیکٹ کے کام کی نگرانی کرینگے گے۔ انہوں نے ریلوے اور فورلین کی زد میں آنے والے متاثرہ زمینداروں کے معاوضے، کمپنیوں کی طرف سے سماجی ذمہ داریوں کیلئے CSR کے تحت علاقوں میں خرچ کی جانے والی یا خرچ کی جارہی رقومات اور کاموں کے اعداد و شمار پیش کرنے اور ناشری سے جواہر ٹنل تک شاہراہوں کی خستہ حالی کو بہتر بنانے کیلئے ارکان۔ نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا اور ریلوے حکام اور ضلع انتظامیہ کو مختصر مدت کی مہلت دیتے ہوئے معاملات کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہائے وے اور ریلوے سے متعلقہ تمام معاملات کی براہ راست نگرانی کرینگے۔ انہوں نے فورلین اور ریلوے کو تعمیر کرنے والی متعدد کمپنیوں کو ہدایات جاری کی کہ وہ روزگار فراہم کرنے کے معاملے میں مقامی لوگوں ، ہنرمندوں اور متاثرہ زمینداروں کو ترجیح دیں اور کمپنیوں کی طرف سے 92 فیصدی روزگا رمقامی لوگوں کو فراہم کرنے کے دعویٰ کی دستاویزی ثبوت پیش کریں اور اس کی تصدیق کیلئے متعلقہ سب ڈویژنل مجسٹریٹوں کو مناسب کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ وزیر نے تعمیراتی ایجنسیوں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مقامی ملازمین ورکروں اور دیگر علاقوں سے یہاں تعینات کئے گئے ملازمین کی تنخواہیں یکساں ہونی چاہئے اور اس میں کسی بھی قسم کی کوئی تفاوت نہیں ہونی چاہئے۔ ریلوے کی جانب سے متاثرہ لوگوں کو دیئے جانے والے معاوضوں میں کی جارہی تاخیر کے بارے میں قانون سازوں کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے کابینہ وزیر نے شمالی ریلوے حکام کو ہدایت دی کہ وہ معاوضے کے عمل کو تیز کردیں اور ایک مہینے کے اندر اندر زیر التواء مقدمات کو صاف کریں۔ انہوں نے اِن پروجیکٹوں کی زد میں آنے سے بے گھر اور نقصان زدہ ہونے والے کے کرایہ ادا کرنے میں تیزی لائیں تاکہ متاثرین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ریلوے اور فورلین پورجیکٹوں اور ٹنلوں کی وجہ سے پینے کے پانی کے وسائل ختم ہونے کے بعد عوام کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے منصوبے کیلئے تقریبا چار کروڑ روپے کی رقومات کو بھی واگذار کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے رام بن بانہال سیکٹر میں اب تک صرف نو فیصدی کام مکمل کرنے اور پچھلے کئی روز سے بلوں کی عدم ادائیگی کو لیکر کام بند رہنے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایچ سی سی کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ کام بند رکھنے کی وجوہات سے انہیں ایک ہفتے تک تحریری طور آگاہ کریں اور کام کو جلد از جلد شروع کرنے کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود دیکھ آئے ہیں کہ بانہال اور رام بن کے فورلین سیکٹر میں بیشتر کام بند ہے اور صرف چند ٹنلوں ہر کام چل رہا ہے – انہوں نے کمپنی عہدیداروں سے کہا کہ اگر انہیں ضلع انتظامیہ کی طرف سے کسی مشکلات کا سامنا ہے تو وہ انہیں اس بارے لکھ سکتے ہیں تاکہ مناسب کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیاں تعمیر وترقی کا کام مکمل کرکے چلی جائیں گی لیکن وہ عوام کو مشکلات میں ڈالنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے۔انہوں نے کہا کہا کہ تعمیر و ترقی کے اِن پروجیکٹوں سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا فطری بات ہے لیکن اس کے باوجود بھی عوام کے حق اور انصاف سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے رام بن اور میتراہ رابطہ سڑک کو بیس روز کے اندر اندر بحال کرنے کی گیمن کمپنی کو ہدایت دی جو کمپنی کے حکام نے تعمیل کرنے کی یقین دھانی کرائی ۔ انہوں نے فورلین کمپنیوں کو ہدایت دی کہ وہ ناشری ٹنل سے جواہر ٹنل تک سڑک کی خستہ حالی کو درست کریں تاکہ سالانہ امرناتھ یاترا میں شامل یاتریوں اور روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے نیشنل ہائے وے اٹھارٹی اف انڈیا کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ناشری ٹنل کے اندر ہونے والے حادثوں پر روک لگانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ ماضی میں ہوئے حادثوں پر مستقبل میں روک لگائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فورلین اور ریلوے کی تعمیراتی کمپنیوں کو کمیونٹی سوشل ذمہ داری کے تحت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے کاموں کی تفصیلات پندرہ روز کے اندر اندر فراہم کرنے کے بھی احکامات صادر کئے۔ انہوں نے کمپنیوں سے کہا کہ وہ دوسری میٹنگ میں کسی بھی بہانے کو نہیں سنیں گے بلکہ دستاویزات کی روشنی میں عوام کیلئے کئے گئے کاموں کی تفصیل دیکھنا پسند کرینگے اور میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں کو غیر سنجیدگی سے لینے والی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حسین گنائی کو ہدایت دی کہ وہ ریلوے اور فورلین کے متاثرہ زمینداروں کی بند رکھی گئی بیس فیصدی رقم بھی انہیں ادا کی جائے تاکہ وقت پر یہ رقم ان کے کام آسکے۔ انہوں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ فورلین اور ریلوے کی جائزہ میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کرانے کیلئے ایک اور میٹنگ جلد ہی بلائیں گے تاکہ ان قومی پروجیکٹوں کی عمل آوری کے دوران عوامی مشکلات کو کم سے کم کیا جاسکے اور کمپنیوں کو ہر لحاظ سے قواعد و ضوابط کا پابند بنایا جاسکے۔