شعبہ ٔ تعلیم ، پٹنہ یونیورسٹی کے استاذ اور سابق صدر اور فیکلٹی آف ایجویشن کے سابق ڈین ڈاکٹر محمد واسع ظفر کی کتاب ’’سیادت علم‘‘ کی رسم رونمائی ۲۸؍ مارچ ۲۰۱۹ء کو امارت شرعیہ، بہار ، اڈیشہ و جھارکھنڈ، پھلواری شریف، پٹنہ کے ناظم مولانا انیس الرحمٰن قاسمی، بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین مولانا عبدالقیوم انصاری، شعبہ تعلیم، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدر پروفیسر اعجاز مسیح، اسٹیٹ ایجوکیشنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، بہار کے سابق ڈائریکٹر جناب حسن وارث اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی دربھنگہ کے زیرا ہتمام چلنے والے کالج آف ٹیچر ایجوکیشن کے پرنسپل پروفیسر محمد فیض کے ہاتھوں اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ (UNFPA)، بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اشتراک سے ’’بہار کے مدارس میں پروگرام تعلیم نو بالغان ‘‘ (Adolescence Education Program in Madarsas of Bihar) کے موضوع پر ہوٹل چانکیہ، پٹنہ میں منعقد ورک شاپ کے اختتامی اجلاس میں عمل میں آیا۔ فاضل مصنف ڈاکٹر ظفر بھی اس ورک شاپ کے شرکاء میں تھے۔ ڈاکٹر محمد واسع ظفر کی یہ کتاب ’’سیادت علم‘‘ مسلمانوں خصوصاً نئی نسل کو تحصیل علم کی طرف راغب کرنے کے لئے لکھے گئے ان کے مضامین کا مجموعہ ہے جسے صائمہ پبلی کیشن ، پٹنہ نے شائع کیا ۔ ڈاکٹر واسع ظفر ایک تحریکی ذہن رکھتے ہیں اور ان کی نگارشات ہندوستان کے اہم اخبارات ، ویوز پورٹلس اور جریدوں میں شائع ہوتی رہی ہیں اور کافی مقبولیت حاصل کرچکی ہیں۔ اس کتاب میں اسلام میں علم کی اہمیت، اس کی فضیلت اور لاعلمی کے نقصانات وغیرہ امورسے بحث کی گئی ہے۔ اس کتاب کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں علوم شریعہ کے ساتھ ساتھ عصری علوم کی اہمیت اور ان کی اسلامی و قرآنی بنیادیں بھی تلاش کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور قرآن حکیم کی دعوت فکر کو بہت ہی سہل اور مدلل انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ یہ کتاب دینی و عصری اداروں کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، مختلف ملی تحریکوں کے کارکنان اور دانشوران علم و ادب سب کے لئے یکساں طور پر مفید ہے۔ کتاب ۱۵۲؍ صفحات پر مشتمل ہے ،اس کی قیمت صرف ۱۵۰؍ روپے ہے اور پٹنہ کے بک ایمپوریم، آفتاب بک ڈپو، کتب خانہ دفتر جماعت اسلامی، دربھنگہ کے ناولٹی بکس ، قلعہ گھاٹ اور علی گڑھ کے یونیورسل بک ہاؤس، شمشاد مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ ان کے علاوہ اہم کتب خانوں مثلاً خدابخش لائبریری، پٹنہ، رضا لائبریری، رام پور، مولانا آزاد لائبریری، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور نیشنل لائبریری، کولکاتہ وغیرہ میں بھی دستیاب ہے۔ اس رسم اجراء کے موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد، دہلی یونیورسٹی ، دہلی کے شعبہ تعلیم ، شعبہ سوشل ورک، شعبہ عربی اورشعبہ اسلامی علوم کے کئی اساتذہ اور مذکورہ ورک شاپ کے بہت سے مندوبین موجود تھے جنہوں نے ڈاکٹر محمد واسع ظفر کو اس علمی کاوش کے لئے مبارک باد دی۔