سرینگر //سکریٹری سیاحت سرمد حفیظ نے سنیچر کو مانسبل کا دورہ کیا اور مشہور جھیل کے آس پاس سیاحوں کیلئے دستیاب بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کا موقع پر ہی تفصیلی جائزہ لیا۔ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو، سی ای او ولر مانسبل ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ افسران ان کے ہمراہ تھے۔جائزہ کے دوران بات کرتے ہوئے سرمد حفیظ نے کہا کہ مانسبل جھیل جموں و کشمیر کے سیاحتی نقشے میں ایک خاص مقام رکھتی ہے اور اس مقام پر آنے والے سیاح اس جھیل کو دیکھ کر خوشی محسوس کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مانسبل جھیل کی اہمیت اور سیاحوں کی توجہ مبذول کرانے کیلئے جلد ایک میلہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔سیاحت کے شعبے میں بدلے ہوئے منظر نامے کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت نے افسران پر زور دیا کہ وہ مقامی نوجوانوں اور مقامی طور پر تجارت سے وابستہ افراد کیلئے صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کریں تاکہ اس جگہ پر آنے والے سیاحوں کی بہتر خدمت، مناسب رہنمائی اور پیشہ ورانہ سلوک کیا جا سکے۔سرمد حفیظ نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے قلیل اور طویل مدتی اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت بدل جائے گی۔