سڑک حادثے میں 1کی موت ،10زخمی

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں جموں پونچھ نیشنل ہائی وے پر ایک بس حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی جبکہ دیگر دس مسافر زخمی ہوگئے۔ حادثہ پونچھ کے قریبی گائوں کھنیتر کے دلیرا علاقہ میں شام پانچ بجے پاس وقت پیش آیا جب ایک ویڈیو کوچ بس جو کہ جموں سے پونچھ کی طرف رواں دواں تھی دلیرا میں تیز رفتار کی وجہ سے اچانک سڑک پر ہی الٹ گئی جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔اس بس پر سوار ایک نوجوان جس کی شناخت تاثیر احمد ولد محمد شریف سکنہ پھامڑا ناڑ مینڈھر کے طور ہوئی ہے نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ دیگر دس کو شدید زخمی حالت میں راجہ سکھ دیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔سبھی زخمیوں کی حالت قدرے بہتر ہے اور خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے تاہم پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔