سڑک حادثات کے متاثرین کی بروقت امداد | بانہال والنٹیئرس نے عوامی تعاون سے ایمبولینس خریدی

محمد تسکین
بانہال //بانہال والنٹیئرس نے سڑک حادثات کے زخمیوں کو فوری طور ہسپتال پہنچانے کیلئے عوام کے مالی تعاون سے ایک ایمبولینس خریدی ہے ۔ بانہال والنٹیئرس کے صدر ادریس وانی کا کہنا ہے کہ اس ایمبولینس کو خریدنے سے جذبہ انسانیت سے سرشاررضاکاروں میں خوشی کی لہر ہے اورایمبولینس کی خرید سے رضاکاروں میں بے یار و مددگار زخمی مسافروں کی مدد کرنے کاایک نیا جوش و جذبہ اور ولولہ آیا ہے اور وہ اپنی بچائو کاروائیوں کو مزید خوش اسلوبی سے انجام دینے کیلئے پرعزم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سڑک حادثات کے زخمیوں کو نئی زندگی بخشنے کی کوشش کے علاہ یہ ایمبولینس مفلس اور غریب مریضوں کو مفت دستیاب رکھی جائے گی۔واضح رہے کہ ضلع رام بن میں کیو آر ٹی رام بن ، کیو آر ٹی رامسو ، ہمالین کیو آر ٹی مکرکوٹ ، ریڈکراس بانہال اور بانہال والنٹیئرس کے ایک سو سے زائد رضاکار بغیر کسی معاوضے اور بغیر کسی مذہبی تفریق کے اپنے بل بوتے پر سڑک حادثات کے ہلاک و زخمی مسافروں اور دیگر آفات کی زد آنے والے لوگوں کا سہارا بنتے ہیں۔