سڑوتی لفٹ واٹر سپلائی سکیم مکمل ہونے کے بعد بھی نہ چل سکی علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ،انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل

جاوید اقبال

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سڑوتی لفٹ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہونے کے بعد بھی چلائی نہیں گئی جس کی وجہ سے ایک وسیع علاقہ میں پینے کے صاف پانے کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ جل شکتی کی جانب سے کئی عرصہ قبل سکیم کو مکمل کر لیا گیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ سکیم کی پوری مشینری نصب ہے جبکہ،سپلائی لائنیں بچھانے کیساتھ ساتھ واٹر ٹینک بھی تعمیر کئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی محکمہ کی جانب سے مذکورہ لفٹ واٹر سپلائی سکیم سے عوام کو پانی سپلائی نہیں کیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پانی کی شدید قلت کی وجہ سے سڑوتی سے جبڑاں علاقہ تک کی عوام بالخصوص خواتین قدرتی چشموں پر گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔نثار چوہدری نامی سماجی کارکن نے بتایا کہ لفٹ واٹر سپلائی سکیم مکمل ہونے کے باوجود بھی عوام کیلئے سودمند ثابت نہیں ہو رہی ہے ۔

انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں محکمہ سے بھی رجوع کیاگیا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر واٹر سپلائی سکیم کو شروع نہیں کیاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کر کے واٹر سپلائی سکیم کو شروع کروانے میں اپنا رول ادا کریں تاکہ عام لوگوں کی پریشانی ختم ہو سکے ۔