سوپور //سوپور قصبہ میں بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف سنیچر کو تاجروں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور محکمہ بجلی کے خلاف نعرے لگائے۔احتجاجی تاجروں نے کہا کہ قصبہ میں صبح 7بجے سے شام 7بجے تک بجلی کی سپلائی منقطع رکھی جاتی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف تاجر بلکہ عام لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں ۔بیوپار منڈل کے صدر محمد اشرف میر کی قیادت میں تاجروں نے اقبال مارکیٹ میں مظاہرے کئے اور محکمہ بجلی کے خلاف نعرے لگائے ۔انہوں نے کہا کہ قصبہ میں نصب پرانے کھمبوں پر رنگ و روغن کی جارہی ہے اوراس کی آڑ میں بجلی سپلائی بند کی جاتی ہے ۔ ٹریڈرس فیڈریشن سوپور کے صدر حاجی محمد اشرف گنائی نے کہا کہ گذشتہ کئی دنوں سے قصبہ میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کار خانوں میں کام نہیں ہورہا ہے جبکہ دکانداروں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی گرمی کے اس موسم میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ۔