سوپور میں انصار غزوۃ الہند کے 4معاوین گرفتار اونتی پورہ کے نزدیک کمین گاہ تباہ، اسلحہ بر آمد

غلام محمد +سید اعجاز

سوپور +ترال//سیکورٹی فورسز نے جموں و کشمیر کے سوپور اور ترال میں انصار غزوۃ الہند (AGuH) کے 4معاونین کو گرفتار کرنے کے علاوہ ملی ٹینٹوں کی ایک کمین گاہ تباہ کرنیکا دعویٰ کیا ہے۔پولیس نے پیر کوکہا کہ شمالی کشمیر میں انصار غزوۃ الہند کا “ہینڈلر” مشترکہ فورسز کے ذریعہ گرفتار گروپ کے چار ارکان میں شامل تھا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بہت بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا جس سے تنظیم کے کارندوں کو بہت بڑا جھٹکا لگا۔پولیس نے یہ بھی کہا کہ سرینگر کے چھانہ پورہ کے مشتاق احمد بٹ اور بڈگام کے اشفاق احمد شاہ کو فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے سوپور میں گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق اہم ملی ٹینٹ ہینڈلر کی نقل و حرکت کے بارے میں اطلاع پر، سوپور پولیس نے 22 آر آر کے ساتھ مل کر سوپور میں ایک (موبائل وہیکل چیک پوسٹ) گرڈ قائم کیا۔ جہاں ان دونوں کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان نے کہا، “مزید پوچھ گچھ اور معلومات پر، دو اور ساتھیوں کی شناخت عبدالمجید کمار ساکن برنیٹ بونیار اور عبدالرشید کمار ساکن پٹن کے طور پر کی گئی ہے،” ۔انہوں نے مزید کہا کہ “ان کے قبضے سے ایک پستول، ایک میگزین، 10 راؤنڈز اور 11 دستی بم سمیت مجرمانہ مواد برآمد کیا گیا ہے۔”پولیس نے کہا کہ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ انصار کے پکڑے گئے ماڈیول کو احسن ڈار اور چوہدری نامی ایک شخص سرحد پار سے ہینڈل کر رہا تھا۔”ماڈیول کو ہدایت دی گئی تھی کہ وادی کشمیر میں اسلحے اور گولہ بارود کی مسلسل سپلائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عام لوگوں کے ذہنوں میں خوف پیدا کرنے کے لیے بیرونی لوگوں، شہریوں اور سیکورٹی فورسز پر حملے کیے جائیں۔ ترجمان نے کہا’’سوپور پولیس اور 22RR کی بروقت اور موثر کارروائی سے ماڈیول کا پردہ فاش کرنے کے نتیجے میں ایک ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا ہے،” ۔اس دوران پولیس نے 42 آر آر اور سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر جنوبی کشمیر کے بنڈ لال گام اونتی پورہ میں ملی ٹینٹوں کے ایک ہائیڈ اوٹ کا پتہ چلایا جس کے بعد مذکورہ جگہ کو گھیرے میں لیکر تلاشیاں لی گئیں اور کمین گاہ کا پتہ چلایا گیا جس میں سے 202 اے کے راؤنڈز، تین ڈیٹونیٹرز، 7.62 ایم ایم 26 راؤنڈز، پولی تھین میں لپٹے ہوئے انسا کے دو راؤنڈ سمیت ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔بعد میں ہائیڈ اوٹ کو تباہ کیا گیا۔ تاہم اس سلسلے میں کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔