عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سونمرگ میں اتوار کو قومی سرمائی کھیلوں کا آغاز کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر گاندربل نے 8 ویں قومی ’سنو شو‘ چمپئن شپ 2024 کے پہلے ونٹرایونٹ کا افتتاح کیا۔ جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے سونمرگ کو موسم سرما کے دوران کھلا رکھنے کا فیصلہ کرنے کے بعدمتعدد کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔محکمہ سیاحت کشمیر J&K SnowShoe Associationاور Sonamarg Hoteilers Association کے تعاون کے ساتھ اس چمپئن شپ 2024 کی میزبانی کررہا ہے۔ ڈی سی گاندربل نے افتتاحی ریس کو جھنڈی دکھا کرشروع کیا۔ایونٹ میں ملک کے مختلف حصوں کی 13 ریاستوں سے 150 کے قریب کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور یہ ایونٹ پیر کو اختتام پذیر ہوگا۔اسے ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے جس نے بڑے اور روشن مستقبل کیلئے نئی مثال قائم کی ہے۔ ڈی سی گاندربل نے کہا’’یہ آج تاریخ بن گیا ہے کیونکہ ہم سونمرگ میں پہلی بار قومی ونٹر اسپورٹس ایونٹ کی میزبانی کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’یہ سب کی مشترکہ کوشش ہے۔ انتظامیہ، ہوٹل والوں اور کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سنو شو فیڈریشن آف انڈیا جس نے سونمرگ کو میزبانی کے حقوق دئے‘‘۔ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ وہ جنوبی ہندوستان کے کھلاڑیوں کو اس طرح سرمائی کھیلوں کے مقابلوں میں سرگرمی سے حصہ لیتے ہوئے دیکھ کر بہت خوش ہیں۔انہوں نے کہا’’وہ دن گئے جب سرمائی کھیل شمالی ہند کی چند ریاستوں تک ہی محدود رہتے تھے۔ سنو شو جیسے کھیلوں کے نظم و ضبط نے سرمائی کھیلوں کو حقیقی پین انڈیا کھیل بنا دیا ہے جس میں کہیں سے بھی کوئی بھی کھلاڑی حصہ لے سکتا ہے‘‘۔اس موقع پر دیگر لوگوں میں سونمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او، سونمرگ ہوٹلیئرز ایسوسی ایشن کے نمائندے، جے اینڈ کے سنو شو ایسوسی ایشن کے صدر طارق زرگر، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر الطاف الرحمان موجود تھے۔سنو شو فیڈریشن کے صدر میر مدثر نے کہا کہ’’سنو شو ہندوستان کے کسی بھی جگہ اور کسی بھی حصے میں منعقد کیا جا سکتا ہے جہاں برف باری ہوتی ہے۔ اسے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ معمولی سہولیات کی ضرورت ہے جو اسے ممکن بنا سکیں۔ اس کے علاوہ کسی خاص تربیت کی ضرورت نہیں ہے، صرف ایک شوقین کھلاڑی ہونے کی ضرورت ہے‘‘۔افتتاحی دن کئی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ سینئر مردوں کے طویل فاصلے کے مقابلوں میں جموں و کشمیر کے گلبدین حکمت یار نے سونے کا تمغہ حاصل کیا جبکہ لداخ کے ایتھلیٹس نے چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کئے۔جونیٔر بوائز لانگ ڈسٹنس میں لداخ کے غلام حیدر نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ جموں و کشمیر کے زید بن مشتاق اور سلیمان نے بالترتیب چاندی اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔سینئر وومن لانگ ڈسٹنس میں اترکھنڈ کی سروجنی نے گولڈ، لداخ کی زرینہ نے سلور اور کرناٹک کی لتا نے کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔