سندر بنی میں رابطہ سڑک پر غیر معیاری تار کول بچھانے کا الزام

رمیش کیسر
نوشہرہ //راجوری ضلع کے سندر بنی سب ڈویژن میں ایک رابطہ سڑک پر غیر معیاری تارکول بچھانے کاالزام عائد کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے مانگ کی ہے کہ سیا پنچایت میں کئے گئے کام کا معائینہ کر کے ملوث ملازمین و ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ بلڈنگ کنسٹرکشن کے ٹھیکیدار کی جانب سے کوئلے کے تار میں ناقص میٹریل کے استعمال کیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں ٹھیکیدار اور محکمہ کے اہلکاروں کے خلاف اعلیٰ سطحی انکوائری کی جائے۔ سندر بنی سب ڈویژن کے سیا پنچایت کی 3 وارڈوں کو جوڑنے والی سڑک سیا مین روڈ سے بکروال بستی تک ہے جس کی لمبائی ڈیڑھ کلومیٹر ہے۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک 2014میں تعمیر ہوئی تھی جس پر اس وقت کوئلے کا تار بچھایا گیا تھا اور اس سال مذکورہ سڑک پر دوبارہ کوئلے کا تار بچھانے کے لئے ٹینڈر جاری کیا گیا تھا جو 30 مارچ کی شام اچانک ایک ٹھیکیدار نے شروع کر دیا تھا جس پر لوگ انہوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سڑک پر صرف برائے نام بجری بچھائی گئی ہے اور مٹی پر ہی تارکول پھیلایا جا رہا ہے۔مقامی نائن سرپنچ سنیل کمار ،سبھاش چندر و دیگران نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تعمیراتی عمل کا معائینہ کر کے ٹھیکیدار کا کارڈ منسوخ کیا جائے جبکہ معیاری کام کروایا جائے تاکہ عام لوگوں کو آئندہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔