کولمبو//سری لنکا کی کابینہ نے برقعے پر پابندی عائد کرنے کی تجویز کی منظوری دے دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کی حکومت قومی سلامتی کو برقعے پر پابندی عائد کرنے کی بنیاد قرار دے رہی ہے اور کابینہ نے مسلم خواتین کے حجاب سمیت برقعے پر پابندی عائد کرنے کی تجویز کی منظوری دے دی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سری لنکا کی کابینہ نے اقوام متحدہ کی جانب سے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیے جانے کے باوجود بھی اس تجویز کی منظوری دی۔سری لنکا کی پبلک سکیورٹی کے وزیر نے برقعے پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پیش کی تھی جس کی منظوری کے بعد اب اسے اٹارنی جنرل کو بھیجا جائے گا جب کہ اسے قانون کی شکل دینے کے لیے پارلیمنٹ سے منظوری ضروری ہے۔غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں حکومت کی اکثریت کے باعث کابینہ کی منظوری کے بعد برقعے پر پابندی کے قانون کو باآسانی منظور کرلیا جائے گا۔سری لنکا کے وزیر برائے پبلک سکیورٹی سرتھ ویرسکارا نے مسلمان خواتین کی جانب سے لیے جانے والے برقعے کو مذہبی شدت پسندی کی علامت قرار دیا اور کہا کہ برقعے پر پابندی قومی سلامتی کو بہتر کرے گی۔