سرینگر جموں شاہراہ تیسرے روز بھی مجموعی طور کبھی کھلی کبھی بند | آج اور سنیچر کو ہلکے برف و باراں کا امکان

محمد تسکین+اشفاق سعید
بانہال+سرینگر//مجموعی طور تین روز سے بند شاہراہ کو بدھ کی شام دوبارہ بحال کیا گیا اور شاہراہ کے مختلف مقامات پر درماندہ 800گاڑیوں کو آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی۔ شاہراہ پیر کی علی الصبح بند ہوگئی تھی اور منگل شام پانچ بجے اسے بحال کیا گیا ۔ لیکن منگل کی رات دیر گئے متعدد مقامات پر تازہ پتھر اور پسیوں کے گر آنے کیوجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت تیسرے روز بھی بند کردی گئی۔ ٹریفک کو نگروٹہ، ادہمپور، رام بن ، بانہال اور قاضی گنڈ میں روک دیا گیا ۔ شاہراہ روم پڑی بانہال ، شیر بی بی وگن ، مہاڑاور کیفٹیریا موڑ کے مقامات پر تازہ پسیوں اور پتھروں کے گر آنے سے رات کے اوقات میں بند کیا گیا تھا۔بدھ کی سہ پہر 5بجے ایس ایس پی رام بن موہیتا شرما نے ایک ٹویٹ کے ذریعے روم پڑی بانہال کے قریب بند شاہراہ کو جزوی طور بحال کرنے کی اطلاع دی ۔شاہراہ کی بحالی کے بعد قاضی گنڈ ، ادہمپور اور نگروٹہ سے مسافر گاڑیوں کو آگے جانے دیا گیا۔ادھر وگن کی ہڈی میں گر آئے ملبے میں جموں سے سرینگر آنے والا ایک ٹرک بھی پھنس گیا تھا جسے بعد میں نکالا گیا ۔حکام نے مزید کہا کہ جموں خطہ کے پہاڑی اضلاع میں شدید برف باری کی وجہ سے کئی بین الاضلاعی سڑکیں بند ہیں۔ادھرجموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہا ۔ محکمہ موسمیات نے بدھ کو کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں میں جموں میں بنیادی طور پر آسمان صاف اور کشمیر ڈویژن میں جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو مغربی ہوائوں کا ایک کمزور مرحلہ جموں کشمیر میں داخل ہونے جارہا ہے جس کے نتیجے میں جمعرات اور سنیچر کی شب ہلکی بارشیں یا کچھ علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ رات سرینگر میں 0.4، پہلگام میں منفی 8.9 اور گلمرگ میں منفی 8.2 ڈگری سیلسیس کم سے کم درجہ حرارت رہا۔لداخ کے علاقے میں، کرگل میں منفی 17.6 اور لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 تھا۔جموں میں 6.7، کٹرا 6.8، بٹوٹ 2.5، بانہال 2.2 اور بھدرواہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 تھا۔