سرینگر بائی پاس پرشہری جاں بحق بارہمولہ میں ٹریکٹر ڈرائیور لقمۂ اجل

سرینگر/ارشاد احمد/بائی پاس سرینگر میں واقع پیکس آٹو موبائل کے قریب جمعرات کو دو گاڑیوں کی آپسی ٹکر کے نتیجے میں عمر رسیدہ شہری کی موت واقعہوئی۔عینی شاہدین کے مطابق ٹیمپو ٹرولر زیر نمبر JK014C/5416کی مخالف سمت سے آرہے آٹو لوڈ کیریئر زیر نمبر JK03G/1523 سے ٹکر ہوگئی جس کے باعث آٹو لوڈ کیریئر کا ڈرائیور بشیر احمد ڈگہ ولد علی محمد ساکن ہرناگ اننت ناگ شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس نے کیس زیر نمبر 49/2023 درج کرکے ٹیمپو ٹرولر ڈرائیور کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے لاش وارثین کے سپرد کردی ۔ ادھر بارہمولہ ضلع میں جمعرات کو ایک ٹریکٹر ڈرائیور کی حادثے میں موت ہو گئی۔ شفقت احمد وانی عرف جاوید (33) ولد غلام محمد وانی ساکن واری پورہ فرشتر، کریری میں ایک جان لیوا حادثے کا شکار ہو گئے۔اسے فوری طور پر ایس ڈی ایچ کریری منتقل کیا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے بتایا کہ مزید تحقیقات کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔