سرکار عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں:بٹھناگر اُجالاسائگنس ہسپتال نوگام میں سٹیٹ آف آرٹ کیتھ لیب اور سی ٹی سکین یونٹ کا افتتاح

نیوز ڈیسک

سرینگر//وادی کشمیر کے لوگوں کو صحت کی جدید خدمات فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم چھلانگ لگاتے ہوئے لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے کل اُجالا سائگنس سپر اسپیشلٹی ہسپتال نوگام میں اسٹیٹ آف آرٹ کیتھیٹرائزیشن لیبارٹری ( کیتھ لیب ) اور سی ٹی اسکین یونٹ کا افتتاح کیا ۔ تقریب کے موقع پر بات کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کہا کہ ایل جی کی قیادت والی انتظامیہ نے جموں و کشمیر میں عالمی معیار کے طبی ڈھانچے کے قیام میں نمایاں پیش رفت کی ہے ۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں 13 میڈیکل کالج ، دو ایمس ، اسٹیٹ آف آرٹ کینسر انسٹی ٹیوٹ ، پیڈیاٹرک ہسپتال اور دیگر متعلقہ سہولیات قائم کی گئی ہیں جس نے یہاں کے صحت کی سیکھ بھال کے نظام کو تیزی سے تبدیل کیا ہے ۔ مشیر نے مزید روشنی ڈالی کہ آیوشمان بھارت صحت اسکیم کو جموں و کشمیر حکومت نے اس مقصد کے ساتھ شروع کیا ہے تا کہ لوگ ملک بھر میں کسی بھی جدید طبی نگہداشت کے ادارے میں علاج کی سہولیات حاصل کر سکیں ۔

 

اجالا سائگنس سپر سپیشلٹی ہسپتال میں نئی قائم کی گئی سی اے ٹی ایچ لیب کے بارے میں بات کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کہا کہ یہ لیب جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے جس سے دل کے پیچیدہ حالات کی تشخیص اور علاج ممکن ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جدید سہولت دل سے متعلق مسائل کے علاج میں اہم کردار ادا کرے گی جس کے نتیجے میں دل کی بیماریوں کے مریضوں کیلئے بہتر نتائج سامنے آئیں گے ۔ مشیر نے مزید کہا کہ ہسپتال کا نیا سی ٹی اسکین یونٹ ان کی تشخیص صلاحیتوں میں ایک اہم اضافہ ہے جو موثر علاج کی منصوبہ بندی اور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال میں سہولت فراہم کرے گا ۔ انہوں نے خطے میں قابل رسائی اور جدید طبی سہولیات کی اہمیت پر زور دیا تا کہ مریضوں کی بروقت اور درست تشخیص اور علاج ممکن ہو سکے ۔