سرنکوٹ ہسپتال میں بچوں کے ماہر ڈاکٹر کی لاپرواہی و غیر حاضری موسمی تبدیلی کے چلتے بیمار بچوں کے والدین ٹھوکریں کھانے پر مجبور

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ میں بچوںکے ماہر ڈاکٹرکی مبینہ طورپر لاپرواہی اور غیر حاضری کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سب ڈویژن میں موسمی تبدیلی کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں بچوں کی ایک بڑی تعداد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو گئی ہے تاہم سرنکوٹ ہسپتال میں بچوں کا ماہر ڈاکٹر وقت پر دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے والدین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ ہسپتال میں ڈاکٹر تعینات ہے لیکن اکثر غیر حاضر رہنے کی وجہ سے والدین اپنے شیر خوار بچوں کو دیگر ہسپتالوں میں لے کر دربدر ہو رہے ہیں ۔والدین نے کہاکہ وہ دور دراز علاقوں سے اپنے بیمار بچوں کو لے کر سرنکو ٹ ہسپتال آتے ہیں لیکن ہسپتال میں ڈاکٹر کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے ان کو یا تو راجوری اور پونچھ جانا پڑتا ہے یا پھر اپنے بیمار بچوں کو لے کر واپس گھروں میں لوٹنا پڑتا ہے ۔والدین نے ضلع انتظامیہ بالخصوص چیف میڈیکل آفیسر پونچھ سے امید رکھتے ہوئے کہاکہ وہ سرنکوٹ ہسپتال کا دورہ کر کے لاپرواہی کا شکار ڈاکٹروں کو وقت کا پابند اور ان کی حاضری یقینی بنانے کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گئے ۔اس سلسلہ میں ایس ڈی ایم سرنکوٹ رضوان اصغر نے بتایا کہ انہوں نے متعلقہ حکام کو متنبہ کیا ہوا ہے کہ وہ ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا شکار نہ ہونا پڑے ۔متعلقہ بلاک میڈیکل آفیسر نے بتایا کہ انہوں نے مذکورہ ڈاکٹر کیساتھ ساتھ دیگر عملے کو پابند رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔