سرنکوٹ میں بارش سے رابطہ سڑکیں نالوں میں تبدیل اکثر سڑکیں نکاسی نظام کے بغیر ،لوگوں کی زمینیں و مکانات متاثر

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ سب ڈویژن کی اکثر رابطہ سڑکیں خستہ حال ہونے کی وجہ سے بارشوں کے دوران سڑکیں نالوں کی شکل اختیار کرلیتی ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زرعی زمینیں اور رہائشی مکانات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔سب ڈویژن کے دور افتادہ علاقہ سانگلہ جوکہ دیگر بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے ،میں ایک رابطہ سڑک بارش کی وجہ سے نالے کی شکل اختیار کر کے مکینوں کیلئے مشکلات کا باعث بن گئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے عام لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے 1کلو میٹر رابطہ سڑک تعمیر کی تاہم کٹائی کے بعد اس کومکمل کرنے کیلئے کوئی بڑا قدم نہیں اٹھایاگیا ۔انہوں نے متعلقہ تعمیر اتی ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کا نکاسی نظام مفلوج ہونے کی وجہ سے بارش میں عام لوگوں کی زرعی زمینیں اور رہائشی مکانات کو خطرہ لائق ہو گیا ہے ۔دوسری جانب سرنکوٹ کے معززین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ میں ایسی کئی دیگر سڑکیں موجود ہیں جن کا نکاسی نظام مفلوج ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کیلئے خطرہ پیدا ہوگیاہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکیں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ برساتی موسم میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔