سرنکوٹ //ضلع پونچھ کے سرنکوٹ قصبہ میں رمضان کے دوران سبزیوں اور میوہ جات کی شدید قلت پائی جارہی ہے جبکہ اشیاء خوردنی کی قیمتوں میں ہورہے مسلسل اضافے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔سبزی فروشوں نے بتایا کہ کووڈپابندیوں کی وجہ سے انتظامیہ کی جانب سے سبزی کی گاڑیوں کو سرنکوٹ قصبہ میں داخل ہی نہیں ہونے دیا گیا جس کی وجہ سے اس وقت سبز یوں اور دیگر میوہ جات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ اتوار کو گاڑیوں کو مارکیٹ میں آنے ہی نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے صبح سے دوپہر تک سبزیاں گاڑیوں میں رہنے کی وجہ سے خراب ہو گئی تھی اور ان کا بھاری نقصان ہوا تھا تاہم اس کے بعد انہوں نے سبزیاں نہیں منگوائی ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جہاں رمضان کے دوران قصبہ میں سبزیاں موجود نہیں ہیں وہائیں ضروری ساز و سامان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قیمتوں میں ہوئے اضافے پر قابو پایا جائے جبکہ سبزیاں بھی دستیاب رکھی جائیں ۔