بانڈی پورہ//سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے جمعہ کو ضلع بانڈی پورہ کا دورہ کیا تاکہ ضلع میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے کئے جانے والے اِقدامات کا جائزہ لیاجاسکے۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد ، ناظم سیاحت جی این اِیتو ، اے ڈی ڈی سی محمد اشرف حکاک ، اے دی سی بانڈی پورہ وسیم راجا، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے سیکرٹری سیاحت کو ضلع میں سیاحتی فروغ کے لئے کئے جانے والے اِقدامات اور بنیادی ڈھانچے کے بارے میں آگاہ کیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کے سیاحتی مقامات بشمول ولر ، اوتھوٹو ، گریز شیراسر اور مقامات پر بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کی کوشش جار ی ہیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے مقامات کو ترقی دینے اور اپروچ روڈز بھی بنائے جارہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ’’ گریز فیسٹول اور ولر فیسٹول ‘‘ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے منائے جارہے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں سیاحتی شعبے کو ایک پلٹ دینے کے لئے کافی کوششیں کی گئی ہیں جس میں وولر جھیل میں میوزیکل فائونٹین کی تنصیب ، بائیو بیت الخلاء کی تنصیب ، نشانات کی تنصیب اور ویو پوائنٹس کی تعمیر کے علاوہ سیاحوں کی تعداد کو بڑھانے ، نوجوانوں کی خاطر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے دیگر سہولیات شامل ہیں۔اُنہو ںنے کہا کہ ماحول دوست سیاحت کو یقینی بنانے کے لئے وادی گریز میں ہوم سٹے اور اقامتی خیمے کو فروغ دیا جارہا ہے اور مقامی نوجوانوں کو ہوم سٹے قائم کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے اور اقامتی خیمے کے لئے اِجازت بھی دی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سیاح ان ہوم سٹے اور اقامتی خیموں کی طرف راغب ہوئے ، اِس طرح مقامی لوگوں کو بہتر منافع سے اچھی رقم کمانے کا موقع فراہم کیا ۔
سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سیاحوں کو سہو لیت فراہم کرنے اور آمدنی پید اکرنے کے پروگراموں میں مشغول ہونے کے لئے ہوم سٹے کے لئے اِندراج کریں۔اُنہوں نے کہا کہ ہوم سٹے کامقصد نچلی سطح تک فوائد پہنچانا اور سیاحتی شعبے سے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچانا ہے ۔اُنہوں نے مقامی نوجوانوں کو سیاحتی شعبے میں شامل کرنے کے لئے صلاحیت سازی کے پروگرام پر بھی زور دیا ۔ اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ہوم سٹے کے لئے اِندراج کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ مقامی نوجوانوں کو سیاحت سے متعلق مختلف تجارتوں بشمول گائیڈز ، کیٹرنگ وغیرہ میں تربیت دی جائے گی تاکہ مقامی لوگوں کے لئے مزید ملازمتیں پیدا کی جاسکیں۔اُنہوں نے کہاکہ مہم جو سیاحت کو فروغ دینے پر خصوصی زو ر دیا جارہا ہے کیوں کہ بانڈی پورہ میں مہم جو سیاحوں کے لئے عالمی معیار کے ٹریکس ہیں جن میں شیر اسر ، دیتواس ، پٹل ون او روادی گریز میں دیگر حیرت انگیز ٹریکس شامل ہیں۔سرمد حفیظ نے کہا کہ اِس ماہ کے آخیر تک ’’گرینڈ گریزفیسٹول ‘‘کا اِنعقاد کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ ضلع میں سیاحت کی ترقی اور روزگار پیدا کرنے کی کافی صلاحیت موجود ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ نے سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے مختلف علاقون کی نشاندہی کی ہے جس میں ولر کے آس پاس کے علاقے بھی شامل ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سیاحتی شعبے کو ترقی دینے کے لئے مختصر اور طویل مدتی اِقدامات کئے جارہے ہیں جس سے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت بدل جائے گی۔