مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں صفرلائن پر آباد پنچایت دھراٹی میں ہر طرح کی بنیادی سہولیات کا فقدان ہونے کی وجہ سے عام لوگ اس جدید دور میں بھی پسماندہ طرز کی زندگی بسر کررہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تار بندی اور صفر لائن کے درمیان آباد مذکورہ پنچایت میں انتظامیہ کی جانب سے نہ تو سڑک تعمیر کی گئی ہے اور نہ ہی بجلی و پانی کا کوئی معقول بندوبست ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دھراٹی پنچایت دو گائوں جن میں سوالہ او ر پنجنی ہیں ،پر مشتمل ہے جبکہ ان علاقوں کی 3وارڈوں میں کوئی بھی سڑک تعمیر نہیں ہے جبکہ بجلی نظام سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کے بغیر مکمل نہیں ہے ۔عوام نے محکمہ آب رسانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ برسوں سے ایک لفٹ واٹر سپلائی سکیم برسوں سے زیر تعمیر ہے لیکن اس کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ زمینی سطح پر جہاں بجلی کا نظام مفلوج ہے وہائیں متعلقہ محکمہ کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی مذکورہ مشکل میں مزید اضافہ کر دیتی ہے ۔مقامی یوتھ لیڈر ظہیر خان نے بتایا کہ محلہ مرگاں میں محکمہ بجلی کی جانب سے ایک برس قبل 30گھر کیلئے بجلی کے کھمبے نصب کئے تھے لیکن ابھی تک نہ تو تاریں لگائی گئی ہیں اور نہ ہی بجلی کے ٹرانسفارمر کا کوئی بندوبست کیا گیا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ شدید مشکلات کے باوجود بھی ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے بھی ابھی تک کسی بھی کام کیلئے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی ۔مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقہ میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔