سرحدی ریاستیں بی ایس ایف کے تئیں حساس رخ اپنائیں :دھنکھڑ

ایجنسیز

نئی دہلی// نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے تمام ریاستی حکومتوں بالخصوص سرحدی ریاستوں کی حکومتوں سے بارڈر سیکورٹی فورس کے تئیں ہمدردانہ اور حساس رویہ اپنانے کی اپیل کی ہے ۔ مسٹر دھنکھڑ بدھ کو یہاں بارڈر سیکورٹی فورس کی 20ویں انویسٹیچر تقریب میں رستم جی میموریل لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ بی ایس ایف کے جوانوں کو ملک کی طویل اور پیچیدہ سرحدوں کی حفاظت میں بڑے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اس لیے تمام ریاستی حکومتوں کو فورس کے حوالے سے ہر طرح کے مثبت قدم اٹھانے چاہئیں اور اپنے نظام کو حساس بنانا چاہیے تاکہ جوانوں کے حوصلے بلند رہیں۔ انہوں نے سرحدی علاقوں کے شہریوں سے بھی جوانوں کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔

 

 

 

انہوں نے بی ایس ایف کی طرف سے اسمگلروں سے پکڑے گئے مویشیوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک طریقہ کار قائم کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ تقریب میں فورس کے پینتیس اہلکاروں کو اعزازات سے نوازا گیا، جن میں 2 پولیس میڈلز برائے بہادری اور 33 پولیس میڈلز بہترین خدمات پر شامل تھے ۔مسٹر دھنکھر نے بی ایس ایف کے جوانوں کی خدمت کے لیے ان کی لگن کی تعریف کی اور کہا کہ وہ مثالی عزم اور قوم پرستی کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کی تقلید تمام ہم وطنوں کو کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف کے بہادر مرد اور خواتین قوم کی خدمت میں ہمت، بہادری اور سپردگی کی مثال ہیں۔