جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ کے لائن آف کنٹرول پر واقعہ گورئمنٹ ہائی سکول ٹائیں منکوٹ کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور200بچوں کی تعلیم کیلئے صرف5 اساتذہ تعینات کیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گورئمنٹ ہائی سکول ٹائیں منکوٹ جو کہ زیرو لائن پر واقع ہے، کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور زیرِ تعلیم دو سو بچوں کی تعلیم کیلئے صرف پانچ اساتذہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ آفیسران نے تعینات کیے ہوئے ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ جب سے سکول کو ہائی سکول کا درجہ ملا ہے، اُس وقت سے لے کر آج تک سائنس اور ریاضی کا ٹیچر تعینات نہیں کیاگیا ہے جبکہ سکول میں کل 21اسامیاں ہیں اور صرف پانچ اساتذہ تعینات ہیں ۔اُنکا کہنا تھا کہ چار ماسٹر گریڈ کی اور پانچ ٹیچر کی اسامیوں کے علاوہ تمام چھوٹی اسامیاں خالی ہیں اور دو سو بچوں کا مستقبل تبا ہو رہا ہے ۔لوگوں نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ آفیسران پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سکول میں بچوں کیلئے کوئی بنیادی سہولیات نہیں ہیں۔ اُنکا کہنا تھا کہ سکول میں نہ بیت الخلاء اور نہ باورچی خانہ اُور نہ بچوں کیلئے پینے کا صاف پانی دستیاب ہے جبکہ بارشوں کے دنوں میں ہر کمرے میں پانی آتا ہے اور بچوں کیلئے کوئی بیٹھنے کی جگہ نہیں رہتی ہے۔ لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے ایپل کی کہ سرحد پر واقع سکولوں کو بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی کمی پوری کی جائے اور بچوں کا مستقبل تبا نہ کیا جائے ۔