غلام محمد
سوپور//سوپور کے لٹی شاٹھ تجر شریف علاقے میں بدھ کی صبح ایک جنگلی ریچھ کے حملے میں ایک85 سالہ معمر شخص کی موت ہو گئی۔ایک اہلکار نے بتایا کہ متاثرہ شخص کی شناخت محمد رستم لون ولد عبدالخالق لون کے طور پر ہوئی ہے، جب یہ واقعہ پیش آیا،وہ صبح8 سے9 بجے کے قریب اپنے میوہ باغ میں تھا۔اچانک حملے سے 85 سالہ بزرگ شخص شدید زخمی ہو گیا اور بعد میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔اہلکار نے بتایا کہ واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ وائلڈ لائف ٹیم کو علاقے میں تعینات کر دیا گیا ہے،اور متعلقہ پولیس ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔