بانہال // رام بن کے ہنگنی رامسو علاقے میں واقع ایک ریلوے ٹنل کی رسائی کیلئے تعمیر کیا گیا بھاری سٹیل پْل اْس وقت گر کر تباہ ہو گیا ، جب اس کے اوپر سے دو بھاری ٹپر گذررہے تھے۔ پْل ٹوٹنے کی وجہ سے دونوں ٹپر نیچے گر گئے تاہم اس حادثے میں چار افراد معجزاتی طور معمولی زخموں کے ساتھ بچ نکلے ہیں اور انہیں رامسو کے ہسپتال سے بانہال ہسپپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ یہ پْل ریلوے کو تعمیر کرنے والی کمپنی ارکان انٹرنیشنل نے کھڑی اور سمبڑ کے درمیان تیراں کلومیٹر لمبے زیر تعمیر ہندوستان کے سب سے لمبے ریلوے ٹنل کی ایڈٹ کی رسائی کیلئے چھ سات سال پہلے تعمیر کیا تھا۔نالہ بشلڑی میں ٹوٹ کر گرے اس پْل نے کشمیر ریل پروجیکٹ کو تعمیر کرنے والی ایجنسی ارِکان IRCON انٹرنیشنل لمیٹیڈ پر سوالات کھڑے کئے ہیں اور اس بھاری پْل لے گرنے کی وجہ سے لوگ حیرت میں ہیں۔اس واقع کے بارے میں بار بار کی کوشش کے باوجود بھی بانہال میں ارکِان کے حکام سے بات نہ ہو سکی جس کی وجہ سے اْن کے موقف کی وضاحت نہیں ہو پائی ہے۔ تاہم ایس ڈی پی او بانہال دھیرج سنگھ کٹوچ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اس پْل کے ٹوٹ جانے سے چار افراد زخمی ہوئے ہیں اور یہ معجزہ ہی ہے کہ گاڑیوں میں سوار افراد بچ نکلے ہیں اور حادثے کے وقت پْل سے عام لوگ نہیں گزررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے تحقیقات شروع کی ہے اور اس بارے میں رامسو پولیس کو ضابطے کی کاروائی کا حکم دیا گیا ہے۔