ریاسی میں گائوں والوں کا ڈھوک پر دھاوا | لشکر طیبہ کے 2ملی ٹینٹ دبوچ کر پولیس کے حوالے

سمیت بھارگو
راجوری//راجوری میں حالیہ آئی ای ڈی دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ سمیت دو بھاری ہتھیاروں سے لیس لشکر طیبہ کے ملی ٹینٹوں کو اتوار کو ریاسی ضلع میں گاؤں والوں نے قابو کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے گاؤں والوں کی ان کی ہمت کی تعریف کی اور ان کے لیے نقد انعامات کا اعلان کیا۔ان میں سے راجوری کا لشکر کمانڈر بی جے پی سے واستہ تھا اور پارٹی کا انتہائی سرگرم مقامی لیڈروں میں شامل ہوتا تھا۔وہ بے جے پی کی میڈیا سیل کا انچارج بھی تھا اور جون کے پہلے ہفتے سے لاپتہ ہوا تھا۔حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ ٹکسن ڈھوک گاؤں میں پیش آیا اور پکڑے گئے ملی ٹینٹوں میں انتہائی مطلوب لشکر طیبہ کمانڈر طالب حسین شامل ہے، جو راجوری ضلع کا رہائشی ہے اور ضلع میں حالیہ آئی ای ڈی دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں زون، مکیش سنگھ نے ایک بیان میں کہا”آج، ٹکسن ڈھوک کے دیہاتیوں نے لشکر طیبہ کے دو انتہائی مطلوب ملی ٹینٹوں کو پکڑنے میں انتہائی ہمت کا مظاہرہ کیا جو پولیس اور فوج (ضلع راجوری میں) کے مسلسل دباؤ کے بعد پناہ لینے کے لیے علاقے میں پہنچے تھے،”۔انہوں نے دوسرے پکڑے گئے ملی ٹینٹ کی شناخت جنوبی کشمیر کے پلوامہ کے فیصل احمد ڈار کے طور پر کی اور کہا کہ انکی تحویل سے2 اے کے اسالٹ رائفلیں، 7 گرینیڈ، ایک پستول اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے گاؤں والوں کی ہمت کی تعریف کی ہے اور ان کی بہادری کے لیے پانچ لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے، جب کہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے ان کے لیے دو لاکھ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ان دونوں کی گرفتاری 28 جون کو راجوری ضلع میں حسین کی سربراہی میں ایک ماڈیول کا پتہ لگانے کے بعد ہوئی، جو ضلع میں حالیہ سلسلہ وار دھماکوں کے پیچھے تھا۔جب کہ تنظیم کے دوکارندوں کو پانچ دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، حسین فرار ہو رہا تھا اور سیکورٹی فورسز سے بچنے کے لیے نزدیکی ضلع ریاسی چلا گیا تھا۔سنگھ نے کہا، “حسین پاکستان میں مقیم لشکر طیبہ کے دہشت گرد قاسم کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا اور راجوری ضلع میں شہری ہلاکتوں اور گرینیڈ دھماکوں کے علاوہ کم از کم تین آئی ای ڈی دھماکوں کے واقعات میں ملوث تھا۔”دونوں دہشت گردوں کی گرفتاری کو ایک “بڑی پیش رفت” قرار دیتے ہوئے، افسر نے کہا کہ وہ ریاسی کے علاوہ راجوری اور پونچھ کے سرحدی اضلاع میں دہشت گردی کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔