عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//ریاستی درجہ کی بحالی کے مطالبے کولیکرکانگریس پارٹی کے احتجاجی مارچ کو پولیس کی بھاری نفری نے ہفتہ کو سرینگر میں کانگریس پارٹی ہیڈکوارٹر کے دروازے پر زبردستی روک دیا جس کے نتیجے میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان تقریباً آدھے گھنٹے تک ہاتھا پائی ہوئی۔جے اینڈ کے پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) طارق حمید قرہ کے ساتھ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری غلام احمد میر، اے آئی سی سی سکریٹری شاہنواز چودھری، پی سی سی کے سابق صدر ایم ایل اے پیرزادہ محمد سعید، سابق وزراء تاج محی الدین، رمن مٹو، ایم ایل اے نظام الدین بھٹ اور دیگر سینئر لیڈران بشمول سابق قانون سازوں نے سرینگر پارٹی ہیڈ کوارٹر سے ایک زبردست احتجاجی مارچ کی قیادت کی، جس کا اختتام ڈویڑنل کمشنر آفس میں ہونا تھا تاکہ لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے جموں و کشمیر کا مکمل ریاستی درجہ بحال کرنے کیلئے وزیر اعظم کو میمورنڈم پیش کیا جا سکے، لیکن پولیس کی بھاری نفری نے کانگریس پارٹی کے صدر دفتر کے دروازے پر مارچ کو روک دیا ،جس کے نتیجے میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ کانگریس بیان کے مطابق جے کے پی سی سی کے صدر طارق حمید قرہ کو جھگڑے کے دوران معمولی چوٹیں آئیں۔جے کے پی سی سی کے صدر طارق حمید قرہ کی قیادت میں سینکڑوں کانگریس کارکنوں اور لیڈروں نے نعرے لگائے اور مکمل ریاست کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا، اس کے بعد کانگریس کارکنان بشمول یوتھ کانگریس جو ڈویژنل کمشنر آفس کے قریب جمع ہوئے تھے تاکہ جے کے پی سی سی صدر اور دیگر سینئر لیڈروں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ نظربندی سے قبل وہ اے ڈی سی سرینگر کے ذریعے جے کے پی سی سی صدر کی جانب سے ڈویژنل کمشنر کو میمورنڈم سونپنے میں کامیاب رہے ہیں۔ بعد ازاں حراست میں لیے گئے کانگریس کارکنان بشمول ڈاکٹر عدیل فاروق میر (لسجن) پی سی سی میڈیا کوآرڈینیٹر اور یوتھ لیڈر یاسر نثار منڈو کو رہا کر دیا گیا۔مختلف اضلاع سے سرینگر پارٹی دفتر کی طرف آنے والے کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کو مختلف انٹری پوائنٹس پر روک دیا گیا۔ ایم ایل اے کریری عرفان حفیظ لون کے ساتھ بارہمولہ ڈی سی سی صدر میر اقبال کو کارکنوں کے ساتھ نربل پوائنٹ پر روکا گیا اور پارٹی دفتر تک پہنچنے کی اجازت نہیں دی گئی، انہوں نے سری نگر پہنچنے سے روکنے کے لیے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے موقع پر ہی دھرنا دیا۔بعد ازاں، جے اینڈ کے پردیش کانگریس کمیٹی نے میمورنڈم کی ایک کاپی ایل جی جے اینڈ کے کو بذریعہ ڈاک آگے جمع کرانے کے لیے بھیج دی۔