روس یوکرین جنگ کے بعد اب دنیا مشکل جگہ بن گئی : وزیر خارجہ جے شنکر

نئی دہلی؍ مرکزی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بدھ کو روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے بارے میں کہا کہ ایسا کچھ ہونے کی توقع نہیں تھی، لیکن اب اس جنگ سے بہت کچھ بدل گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مغرب اور یوروپ کے ساتھ روس کے تعلقات پہلے جیسے نہیں رہ گئے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں روس کے ایشیا کے ساتھ تعلقات بھی بدلیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اب دنیا بہت زیادہ مشکل جگہ بن چکی ہے۔ ہندوستان گلوبل ساؤتھ کی آواز ہے۔ ہندوستان نے اسے حاصل کرنے کیلئے کافی کوششیں کی ہیں ۔ وہ نیوز 18 نیٹ ورک کے دو روزہ مارکی لیڈر شپ کانکلیو ‘رائزنگ انڈیا سمٹ 2023’ میں بات کر رہے تھے۔روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ کی ملاقات پر وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کا بنیادی اقتصادی شراکت دار مغرب ہے اور روس کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت نیرو رہے ہیں۔ گزشتہ سال فروری میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد بھی ہندوستان کی جانب سے ماسکو سے تیل کی سپلائی پر مغربی ممالک کے سوالوں پر انہوں نے کہا کہ بازار ایک بازار ہے اور یہ وقت کی ضرورت ہے۔راہل گاندھی کے ‘مودی ریمارکس پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ راہل گاندھی نے ایک کمیونٹی کی توہین کی ہے۔ ان کے (راہل گاندھی) پاس اسے سدھارنے کا موقع تھا، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ دراصل کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو سورت کی ایک عدالت نے 2019 کے ہتک عزت کے ایک مقدمے میں دو سال کی سزا سنائی ہے۔ اس کے پیش نظر انہیں 24 مارچ کو لوک سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔