نائب وزیر اعلیٰ کاصنعتی ترقی کیلئے اختراعی حکمت عملیوں پر زور
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے کل جموں اور کشمیر کے لوگوں کیلئے اقتصادی ترقی اور روز گار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے صنعتوں کے شعبے میں متحرک ہونے پر زور دیا ۔ سول سیکرٹریٹ سرینگر میں صنعتوں کے شعبے کی ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اقتصادی ترقی اور روز گار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے صنعتوں کے شعبے کو بحال کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ چودھری نے صنعتی ترقی کو فروغ دینے کیلئے اختراعی حکمت عملیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اقتصادی ترقی اورروزگار کے مواقع پیدا کرنے کے شعبے کی صلاحیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے ساز گار کاروباری ماحول کو فروغ دینے ، انٹر پرنیور شپ کی حوصلہ افزائی اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے حکومت کے عزم کو دوہرایا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی جی ڈی پی کو بڑھاوا دینے کیلئے یہ شعبہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر میں ایم ایس ایم ایز ، اسٹارٹ اپس اور بڑے پیمانے پر صنعتوں کے فروغ کے ذریعے مقامی نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا گیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بہتری کیلئے شعبوں کی نشاندہی کریں اور موثر پالیسیوں پر عمل درآمد کریں ، صنعتی ترقی کو سہارا دینے کیلئے انفراسٹرکچر تیار کریں اور خواہشمند تاجروں کیلئے کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنائیں ۔ چودھری نے کہا کہ ایک متحرک صنعتی شعبے کیلئے حکومت کے وژن سے جموں و کشمیر کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کرنے کی امید ہے جس سے پائیدار ترقی اور ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صنعت و تجارت وکرم جیت سنگھ اور صنعت و تجارت جموں /کشمیر کے ڈائریکٹرز ، دستکاری اور ہینڈ لومز ، ایم ڈی جے کے ٹی پی او ، ایم ڈی سڈکو ، سیکاپ ، ڈائریکٹر ای ڈی آئی ، ایم ڈی جے کے آئی ، ایم ڈی جے کے سی ایل ، ایم ڈی جے کے آئی ٹی آئی ڈی سی ، سی ای او جے کے کے وی آئی بی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔