رتنی پورہ پلوامہ میںملی ٹینٹوں کی فائرنگ | 2غیر مقامی مزدور زخمی،راجستھان میں پونچھ کے 2 نوجوانوں گرفتار

شاہد ٹاک
پلوامہ// پلوامہ کے کھارپورہ رتنی پورہ گائوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کی فائرنگ سے 2 غیر مقامی مزدور شدید طورپر زخمی ہوئے ۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے ہفتے کی شام کھار پورہ رتنی پورہ پلوامہ میں دو غیرمقامی مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا۔زخمیوں کی پہچان شمشاد احمد ولد اسلام شیخ اور فیضان قساری ساکنان بہار کے بطور ہوئی ہے۔موصوف ترجمان کے مطابق ہسپتال میں دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا، لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے تھے۔ ضلع پلوامہ میں اس نوعیت کے کئی واقع رونما ہوچکے ہیں۔12اگست کو سعد نار حاجن میں ایک 17سالہ غیر مقامی مزدور کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ادھرراجستھان کے جیسلمیر ضلع میں ہندوستان پاکستان بین الاقوامی سرحد کے قریب سے جموں و کشمیر کے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ہفتہ کو بتایاکہ دونوں ممنوعہ علاقے میں بغیر اجازت چندہ جمع کر رہے تھے۔پوچھ گچھ کے بعد نوجوانوں کو مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا۔ اسٹیشن ہاؤس آفیسر (رام گڑھ) اچلارام ڈھاکہ نے بتایا کہ ضلع میں کام کرنے والی سیکورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ذریعہ ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔پولیس نے بتایا کہ کھوئیالہ میں ایک پولیس چوکی کو اطلاع ملی کہ جمعہ کو دو نوجوان ممنوعہ علاقے میں گھوم رہے ہیں، جس کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔دونوں کی شناخت جمیل اقبال (23) اور معروف حسین (25) کے طور پر ہوئی ہے، دونوں جموں اور کشمیر کے ضلع پونچھ کے رہنے والے ہیں۔