رام بن//ضلع صدر مقام رام بن قصبہ کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور کنسٹرکشن کمپنی کے خلاف مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔مظاہرین پرانے قصبہ سے ڈسٹرکٹ آفس اورمیترا کے لئے رابطہ سڑک کامطالبہ کررہے تھے۔لوگوں نے الزام عائد کیاکہ کنٹریکٹرکمپنی کی جانب سے غیر منصوبہ بند طورپرزمین کے کٹائوکی وجہ سے سڑک کونقصان پہونچاہے جس کی وجہ سے لوگوں کومیترا اور ڈی سی آفس آنے جانے میں سخت پریشانی کاسامناکرناپڑرہاہے ۔مظاہرین کاکہناتھاکہ نہ توضلع انتظامیہ اورنہ ہی کنٹریکٹرکمپنی اس سڑک کو آمدورفت کے قابل بنانے کیلئے کوئی قد م اٹھارہی ہے ۔لوگوں نے مزیدبتایاکہ انہوں نے اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ اور متذکرہ بالا کمپنی کے ذمہ داروں کوبارباراستدعاکی مگرہماری صدانکارخانے میں طوطی کی آواز ثابت ہورہی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہناہے کہ دریاکے چناب کے آرپارزائد از50 ہزارلوگ رہائش پذیر ہیں جنھیں دفاتر اوردیگرکاموں کے لیے آناجاناہوتاہے اس سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے ان کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔خاص طورسے سکولی بچوں،بیماروں ،عمررسیدہ لوگوں اورخواتین کوسخت مشکلات کاسامناہے۔ اس دھرنے کی خبرجب ضلع انتظامیہ کوپہونچی توکچھ آفیسر اورکمپنی کے ذمہ داران دھرنے کی جگہ آئے اور18دن کے اندرہلکی گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل سڑک بنانے کایقین دلایا۔ تحریری یقین دہانی کے بعدلوگوں نے دھرناختم کردیا۔